فیصل آباد:ڈویژنل کمشنر ثاقب منان نے ڈویژن بھر میں محکمہ مال کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس کی صدارت کی۔ڈپٹی کمشنر محمد علی،ایڈیشنل کمشنر ریونیو طارق نیازی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو فضل ربی چیمہ اور دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ریونیو افسران ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک تھے۔
ڈویژنل کمشنر نے سرکاری بقایا جات کی وصولی کے مقررہ اہداف کا جائزہ لیتے ہوئے ریونیو افسران کو مہم پر عملدرآمد شروع کرنے کی تاکید کی۔
انہوں نے ریونیو افسران سے کہا کہ وہ ٹارگٹس تفویض کرکے اہداف کا حصول ہر صورت یقینی بنائیں۔کمشنر نے ریونیو افسران کو دیئے گئے دیگر اہداف کا بھی جائزہ لیااور کہا کہ ذمہ داریوں کا ادراک کریں،واگزار کرائی گئی سرکاری اراضی کی حفاظت یقینی اور عوام کو محکمہ مال کی بلاتاخیر سروسز فراہم کی جائیں۔
انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو دیہی مراکز مال کے تسلسل سے دورے کرکے درخواست گزاروں کو فردات کے اجراء،وراثتی انتقالات سمیت اراضی سے متعلقہ دیگر سروسز کی فراہمی کو چیک کرنے کی ہدایت کی۔








