کراچی :کراچی کے ساحل پر پھنسے جہاز ہینگ ٹونگ کی جان چھڑانے کے لیے پاک بحریہ حرکت میں آگئی،اطلاعات کے مطابق کراچی کے ساحل پرپھنسے جہاز ہینگ ٹونگ کو رواں کرنے کے لئے نیشنل میری ٹائم ڈیزاسٹر کنٹنجنسی پلان (آلودگی) فعال کر دیا گیا.
ترجمان پاک بحریہ نے اس حوالے سے تفصیلات دیتے ہوئے کہا ہے کہ چیف آف دی نیول اسٹاف پاکستان میری ٹائم ڈیزاسٹر مینجمنٹ بورڈ کے چئیرمین کے فرائض انجام دے رہے ہیں.
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف نے آلودگی کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لئے نیشنل کنٹنجینسی پلان کے پہلے اور دوسرے مرحلے کی فعالی کے احکامات جاری کئے.
ترجمان پاک بحریہ کی طرف سے کہا گیا ہےکہ ڈپٹی چیف آف دی نیول اسٹاف(آپریشنز) کی سربراہی میں میری ٹائم ڈیزاسٹر رسپانس کمیٹی کےاجلاس کا بھی انعقاد کیا گیا.
ترجمان پاک بحریہ کاکہنا ہےکہ اجلاس میں چئیرمین کے پی ٹی, ڈی جی پورٹس اینڈ شپنگ اور دیگر ملکی میری ٹائم اسٹیک ہولڈرز کے نمائندگان شریک تھے.
ترجمان پاک بحریہ کی طرف سے کہا گیا ہے کہ جہاز سے ممکنہ تیل کے رساؤ کی صورت میں تمام ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں.
ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ کی جانب سے جہاز کے اطراف انسداد آلودگی بیرئیر بھی لگایا جا رہا ہے.
ترجمان پاک بحریہ کی طرف سے کہا گیا ہے کہ پاک بحریہ اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے.