نامور کامیڈین اطہر شاہ خان عرف جیدی کے مداح آج ان کی سالگرہ منا رہے ہیں۔
باغی ٹی وی : اطہر شاہ خان عرف جیدی 26 جولائی 1943 کو بھارتی شہر رامپور میں پیدا ہوئے تھے ۔ آپ 1947 میں خاندان کے ساتھ لاہور اور 1957 میں کراچی منتقل ہوئے۔
ابتدائی تعلیم لاہور سے حاصل کرنے کے بعد سیکنڈری تک پشاور میں زیر تعلیم رہے جبکہ کراچی کے اُردو سائنس کالج سے گریجویشن کیا اور بعد ازاں انہوں نے پنجاب یونیورسٹی سے صحافت میں ماسٹرز کیا۔
اطہر شاہ خان جیدی کا شمار ٹیلی ویژن کے ابتدائی ڈرامہ نگاروں اور فن کاروں میں کیا جاتا ہے۔ اطہر شاہ شاعر بھی تھے اور اپنی مزاحیہ شاعری میں بھی ان کا تخلص جیدی تھا ڈرامہ سیریل انتظار فرمائیے میں جیدی کے کردار نے انہیں شہرت کی بلندیوں تک پہنچا دیا اور لوگ انہیں جیدی کے نام سے ہی پکارنے لگے-
اطہر شاہ خان کی سپرہٹ ڈرامہ سیریلز میں انتظار فرمائیے، ہیلو ہیلو، جانے دو، برگر فیملی، آشیانہ، آپ جناب، جیدی اِن ٹربل، پرابلم ہائوس، ہائے جیدی، کیسے کیسے خواب، بااَدب با ملاحظہ ہوشیار اور دیگر ڈرامے شامل ہیں۔
بطور لکھاری، جیدی کے نام سے کئی فلمیں جڑی ہیں، ان کی پہلی فلم بازی، سپر ہٹ ثابت ہوئی، جس میں فلمسٹار ندیم اور محمد علی پہلی بار آمنے سامنے آئے اور اس میں اداکارہ نشو کو بھی متعارف کرایا گیا۔ جبکہ ان کی دیگر فلموں میں گونج اٹھی شہنائی، ماں بنی دلہن، منجی کتھے ڈھاواں شامل ہیں۔
ریڈیو پاکستان سے سفر کا آغاز کرنے والے اطہر علی شاہ عرف جیدی نے لگ بھگ بیس برسوں میں سات سو ڈرامے لکھے، 70 اور 80 کی دہائی میں پاکستان میں مزاح نگاری کی دنیا پر ان کا راج تھا۔ پی ٹی وی پر ان کے ڈرامے انتظار فرمائیے، با ادب باملاحظہ ہوشیار، لاکھوں میں تین، پہلے دیکھنے والوں کی زندگی اور پھر یادوں کا حصہ بن گئے۔
سال 2001 میں اطہر شاہ خان جیدی کو حکومت پاکستان کی جانب سے پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا گیا، پاکستان ٹیلی ویژن نے جب اپنی سلور جوبلی منائی تو اطہر شاہ خان جیدی کو گولڈ میڈل عطا کیا۔
اطہر شاہ گزشتہ سال 10 مئی کو 77 سال کی عمر میں طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقال کر گئے تھے۔








