طالبان کے وفد نے چینی وزیر خارجہ سے ملاقات کی-

باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق طالبان کے نائب سیاسی سربراہ اور پولیٹیکل بیورو کے سربراہ ملا برادات اخوند کی سربراہی میں ایک وفد نے چینی وزیر خارجہ سے ملاقات کی۔

ملاقات میں انہوں نے افغانستان کی موجودہ صورتحال ، امن عمل اور چین کے ساتھ دو طرفہ تعلقات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل طالبان کے وفد نے ایرانی وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات کی تھی جس میں افغان طالبان کا کہنا تھا کہ مذاکرات اور سیاسی حل کے لیے پر عزم ہونا افغان رہنماؤں اور سیاسی گروپوں کیلئے بہترین انتخاب ہو گا طالبان کا وفد ایران میں کابل سے آنے والے افغان سیاسی رہنماؤں کے گروپ سے بھی ملاقات کرے گا۔

افغان طالبان کے ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایران نے دو طرفہ مذاکرات کے لیے طالبان وفد کو دورے کی دعوت دی تھی۔

جبکہ ایرانی وزیرِ خارجہ جوادظریف نے کہا تھا کہ افغان رہنما اور افغان عوام افغانستان کے مستقبل کے لیے سنجیدہ فیصلے کریں ایران فریقین کے درمیان مذاکرات عمل میں مدد کے لیےتیار ہے۔

دوسری جانب حال ہی میں وزیر اعظم عمران خان نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا موقف واضح ہے کہ امریکا اور طالبان مذاکرات کی میز پر آئیں، امریکا اور طالبان کو ایک میز پر لانے کے لیے ہم نے کردار ادا کیا۔ افغان عوام کو فیصلہ کرنا ہے کہ وہ کس قسم کی حکومت چاہتے ہیں، سب نے دیکھا افغان مسئلے کا فوجی حل ناکام ہوا، جب کہا کہ افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں تو مجھے طالبان خان کہا گیا۔

عمران خان نے کہا کہ جب افغانستان میں 150 ہزار نیٹو فوجی تھے وہ وقت تھا کہ کوئی سیاسی حل نکالا جاتا، جب افغانستان سے انخلا کی تاریخ دی گئی تو طالبان نے سوچا کہ وہ جنگ جیت گئے، اب مشکل ہے کہ طالبان کو کسی سیاسی حل کی طرف لایا جائے، طالبان سمجھتے ہیں وہ جیت چکے۔

Shares: