ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج صادق مسعود صابرنے مجسٹریٹ درجہ اول نوید احمد گھمن کے ہمراہ ڈسٹرکٹ جیل کا دورہ کیا ہے، ڈسٹرکٹ جیل نارووال میں موجود تمام بیرکس خصوصاَ کچن، ڈسپنسری، پی سی او روم، خواتین وارڈ اور بچوں کے وارڈ کا بھی تفصیلی معائنہ کیا ہے، وہاں پر قیدیوں کو دی جانے والی تمام سہولیات کا بھی جائزہ لیا گیا ہے.

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نےسپرنٹنڈنٹ جیل نارووال کومہلک وبا کورونا وائرس کی تیسری لہر سے بچنے کے لیے گورنمنٹ کی جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل در آمد کرنے کی تاکید کی ہے، جس پرسپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل نے یقین دہانی کروائی کہ ڈسٹرکٹ جیل میں گورنمنٹ کی جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کروایا جا رہا ہے، ڈسٹرکٹ جیل میں مختلف اقسام کے پودے لگائے جائیں کیونکہ درخت لگانا صدقہ جاریہ بھی ہے اور درخت ماحول کو خوشگوار کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں، ڈسپنسری میں موجود ڈاکٹر کو ہدایت کی کہ وہ جیل میں موجود بیمار قیدیوں خصوصاَ عمر رسیدہ قیدیوں کا خصوصی معائنہ کیا کریں اور اُن کو ہرممکن طبی سہولت فراہم کریں، جیل حکام کی موجودگی میں وہاں پر موجود قیدیوں کی شکایات سنی اورانکے حل کے لیے سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل نارووال و متعلقہ کورٹس کو احکامات صادر کیے ہیں.

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے اس موقع پر معمولی نوعیت کے مقدمہ میں ملوث ایک ملزمہ کو ذاتی مچلکہ پر رہا کرنے کا بھی حکم صادرکیا ہے، جیل انتظامیہ کی طرف سے قیدیوں کو دی جانے والی طبی سہولیات اورکھانے کے انتظامات اور جیل کی صفائی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل نارووال کو مزید بہتر ی کے لئے کوششیں جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے.

محمد عارف راشد باغی ٹی وی نارووال

Shares: