وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ گزشتہ ہفتے سے سوشل میڈیا پر ایک مبینہ خاتون قیدی کا گمراہ کن ویڈیو پیغام چل رہا ہے، گزشتہ سال بھی یہی ویڈیو پیغام ایک سازش کے تحت سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلانے کی کوشش کی گئی تھی، ویڈیو میں محکمہ جیل خانہ جات کے افسران کے خلاف لگائے گئے الزامات سراسر غلط ہیں، ڈی آئی جی ملک مبشر ایک دیانتدار، محنتی اور قابل افسر ہیں، ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت محکمہ اور ملک مبشر کے خلاف پراپیگنڈہ کیا جا رہا ہے، ویڈیو میں موجود خاتون خود کو ڈسٹرکٹ جیل لاہور میں قید بتاتی ہے، جہاں زنانہ وارڈ ہی قائم نہیں ہے، ڈسٹرکٹ جیل لاہور کے اندر اور باہر سیکیورٹی کیمروں کے ذریعے ہمہ وقت مانیٹرنگ کی جاتی ہے، گزشتہ سال محکمہ داخلہ کی انکوائری میں اس ویڈیو کو فیک قرار دیا جا چکا ہے، ایف آئی اے کو مزید تحقیقات اور انکوائری کے لیے درخواست دے دی گئی ہے.








