اسلام آباد:ٹیلی نارپاکستان کا ایڈ ٹیک کےذریعےڈیجیٹل مستقبل کےفروغ کا عزم:معاہدہ بھی ہوگیا ،اطلاعات کے مطابق ٹیلی نارپاکستان نے عدم مساوات کو کم کرنے اور معاشرے کے ہر فرد کی تعلیم تک رسائی کو یقینی بنانے کیلئے اورینڈا(Orenda) کی تعلیم آباد((Taleemabad منصوبہ کو توسیع دینے کے معاہدے پر دستخط کر دیے۔ یہ اشتراک ٹیلی نار پاکستان کے سسٹینیبلٹی ایجنڈے کے تحت ڈیجیٹل مستقبل کیلئے مہارت اور ہنرمندی پیدا کرنے اور پائیدار کاروباری ماڈل کی تشکیل کو یقینی بناتے ہوئے پاکستان میں مستحق طلباء اور سکولوں کو اعلیٰ معیار کی ڈیجیٹل تعلیمی سروسز فراہم کرنے کی کوششوں کے عین مطابق ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سید امین الحق، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکشن نے کہا” ڈیجیٹل ایکو سسٹم تشکیل دینا ڈیجیٹل پاکستان پالیسی کا ایک اہم جز ہے تاکہ جدید ڈیجیٹل سروسز، ایپلیکیشنز اور کنٹینٹ کی تیز تر فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔مشترکہ عزائم کے حصول کیلئے تعاون میں ہی ہماری کامیابی ہے۔ یہ ایک ایسا لائحہ عمل ہے جس پر ہم نے ڈیجیٹل پاکستان پالیسی 2021 کی تشکیل کے دوران عمل درآمد کیا ہے۔ ڈیجیٹلائزیشن کے اس سفر میں اہم سنگ میل حاصل کرنے میں ہماری مدد کیلئے ٹیلی نار پاکستان، اورینڈا (Orenda) اور جی ایس ایم اے(GSMA) کو معاونت فراہم کرنے کا خواہاں ہوں۔ یہ اقدام اس بات کی دلیل ہے کہ ٹیکنالوجی اور شراکت داری ہمارے معاشرے میں کلیدی ترقیاتی چیلنجوں سے نمٹنے میں کس طرح کردار ادا کر سکتی ہے۔ ٹیلی نار پاکستان ہمیشہ لوگوں کی بہتری کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور پائیدارشراکت داری کو فروغ دینے میں سب سے آگے رہا ہے اور میں اس بات کو سراہتا ہوں۔“
ادھرمشاورت کے اس اہم پروگرام میں ویڈیو پیغام کے ذریعے، شفقت محمود،وفاقی وزیر برائے تعلیم اور پروفیشنل ٹریننگ نے ٹیلی نار پاکستان اور اس کے شراکت داروں کی ڈیجیٹل تعلیم کو ترقی دینے، ڈیجیٹل ٹرانسفر میشن کی طرف پاکستان کے سفر کو آگے بڑھانے اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے ذریعے طلباء کو نئی مہارتیں سیکھنے کے لیے بااختیار بنانے پر سراہا۔
اپنے استقبالیہ خطاب میں عرفان وہاب خان، چیف ایگزیکٹو آفیسر، ٹیلی نار پاکستان نے کہا”ہم معاشرے میں معنی خیز اثرات مرتب کرنے کیلئے ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کرنے میں پیش پیش رہے ہیں۔ ہم ڈیجیٹلائزیشن کے اس سفر میں پاکستان کو بااختیار بناتے ہوئے جدید حل متعارف کرانے، ڈیجیٹل مہارتوں کے فرق کو ختم کرنے اور ایڈ ٹیک ایکو سسٹم لانے میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ اس شراکت داری کے تحت ملک بھر میں نوجوانوں کو وسائل فراہم کرکے ان کی صلاحیتوں سے بھر پور فائدہ اٹھاناہمارا عزم ہے۔“
ہارون یاسین، سی ای او اورینڈا (Orenda) ویلفیئر ٹرسٹ نے کہا”پانچ سا ل قبل ٹیلی نار پاکستان کے ساتھ ہماری پہلی شراکت داری کے تحت ہم نے ایک ہزار بچوں تک رسائی حاصل کی۔ اس کے بعد سے ہم نے سمارٹ فونز، فیچر فونز، ڈیسک ٹاپس، یہاں تک کہ براڈ کاسٹ ریڈیو اور ٹیلی ویژن کی شکل میں ٹیکنالوجی کا استعمال کیا اور اب ہم تعلیم آباد(Taleemabad) کے ذریعے 10 ملین بچوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لارہے ہیں۔ ہمارا سفر یہی ختم نہیں ہوتا،ٹیلی نار پاکستان اور جی ایس ایم اے(GSMA) کی مدد سے ٹیکنالوجی انفراسٹرکچر کو مضبوط بناتے ہوئے سکولوں کو سروسز کی فراہمی کے ذریعے ہم پاکستان بھر میں 71 ملین بچوں کو عالمی معیار کی تعلیم تک رسائی دینے کے ہمارے وژن کی تکمیل کی طرف بڑھ رہے ہیں۔“
ٹیلی نار پاکستان نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے خاص طور پر سستی اور قابل رسائی تعلیم کے ذریعے اپنے عزم کا اظہا ر کیا ہے۔ Covid-19 کے آغاز میں تعلیمی اداروں کی اچانک بندش کے بعد اپنے ویلسیٹی ایکسلریٹر پروگرام کے ذریعے ٹیلی نار پاکستان نے ڈیجیٹل تعلیم فراہم کرنے اور پہلے سے فعال ڈیجیٹل سبسکرائبر بیس کو فائدہ دینے کیلئے شراکت دار لانے کا فیصلہ کیا۔ دور دراز اور ترقی پذیر علاقوں میں ڈیجیٹل ایجوکیشن پروڈکٹس کااستعمال 49 فیصد شرح کیساتھ انتہائی حوصلہ افزا ء رہا ہے۔ ٹیلی نار پاکستان کا ورلڈ بینک کے گرلز لرن ویمن ارن (جی ایل ڈبلیو ای)کے اشتراک سے ڈیجیٹل مہارتوں اور کاروباری خواتین کو تربیت دینے کے لیے ایک جامع نصاب تیار کیا ہے۔ اس شراکت داری کے تحت ٹیلی نار پاکستان نے ایک ہزار سے زائد خواتین کو ڈیجیٹل مہارت کی تربیت دی اور کاروباری خواتین کو ڈیجیٹل ٹولز کے استعمال سے اپنے کاروبار کو بڑھانے میں مدد فراہم کی۔ یہ شراکت داری ٹیلی نار پاکستان کے شمولیت کے اہداف کے عین مطابق نوجوانوں کو ڈیجیٹل مستقبل کے قابل بناتی ہے۔
ٹیلی نار پاکستان کے بارے میں : ٹیلی نار پاکستان ٹیلی نار گروپ کی 100 فیصد ملکیتی کمپنی ہے اور یہ ملک بھر میں پھیلی ہوئی ہے۔ 48 ملین سے زائد صارفین کے ساتھ یہ پاکستان میں دوسری بڑی موبائل آپریٹر کمپنی ہے۔ ٹیلی نار نے 2005ء میں پاکستان میں اپنے آپریشنز کا آغاز کیا اور اس کے ملازمین کی تعداد 1300 سے زائد ہے۔ مزید معلومات کیلئے براہ کرم www.telenor.com.pk ملاحظہ کیجئے۔
رابطہ برائے پریس
ریدا نقوی، سینئر منیجر کارپوریٹ کمیونیکیشنز، ٹیلی نار پاکستان
press.center@telenor.com.pk