مرکزی جماعت اہلسنّت کی جانب سے یوم سفیر اسلام منایاگیا

مرکزی جماعت اہلسنّت پاکستان کراچی کی جانب سے منائے گئے یوم سفیر اسلام شاہ عبدالعلیم صدیقیؒ کے موقع پرقادریہ مسجد دارالعلوم قادریہ سبحانیہ شاہ فیصل کالونی میں منعقدہ اجتماع سے کراچی ڈویژن کے امیر پیرطریقت مفتی محمدعبدالعلیم قادری ، صاحبزادہ مفتی محمدزبیر ہزاروی صدیقی،فقیر ملک محمدشکیل قاسمی، علامہ خلیل نورانی، مفتی زبیر عامر گیلانی، علامہ فاضل نورانی، حافظ نورالعین انصاری، صاحبزادہ مفتی عبدالباسط قادری، علامہ عدنان قادری، حافظ مرسلین قادری، ملک مبین سعیدی ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے مبلغ اعظم وسفیر اسلام حضرت شاہ عبدالعلیم صدیقی میرٹھی ؒ کی تاریخی خدمات پر روشنی ڈالی۔
مرکزی جماعت اہلسنّت پاکستان کراچی کے امیر مفتی عبدالعلیم قادری نے اپنے خطاب میں کہاکہ حضرت شاہ عبدالعلیم صدیقیؒ کے ہاتھوں پر لاکھوں غیر مسلم حلقہ بگوش اسلام ہوئے، آپ نے دنیاکے کونے کونے میں جاکر اسلام کی تبلیغ کا فریضہ انجام دیااور دنیابھر میں مساجد ،مدارس اور اسلامی مراکز قائم کئے جہاں سے آج بھی دین اسلام کی کرنیں پھوٹ رہی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ حضرت شاہ عبدالعلیم صدیقیؒ نہ صرف مبلغ اسلام تھے بلکہ انہوں نے تحریک قیام پاکستان میں بھی کلیدی کرداراداکیا،آپ نے دنیابھر میں قیام پاکستان کے لئے رائے عامہ ہموارکی اور سربراہان مملکت اور دیگر مقتدر شخصیات کو قیامپاکستان کے حق میں ووٹ دینے کے لئے راضی کیاجس پر قائداعظم محمدعلی جناح ؒ نے آپ کو سفیر اسلام کاخطاب دیا۔
انہوں نے کہاکہ قیام پاکستان کے فوری بعد پہلی عیدالفطر کی نماز قائداعظم محمدعلی جناحؒ نے حضرت شاہ عبدالعلیم صدیقیؒ کی اقتدامیں اداکی۔مقررین نے کہاکہ حضرت شاہ عبدالعلیم صدیقیؒ کی خدمات تاریخ کاروشن باب ہیں ،جنہیں حکومتی سطح پر پذیرائی ملنی چاہئے تھی لیکن آپ کی تاریخی خدمات پر سرکاری سطح پرکسی قسم کی پذیرائی تو کجابلکہ ان کی خدمات کاسرکاری صفحات پرکوئی نام ونشان تک نہیں ،سٹی گورنمنٹ کے دورمیںسٹی ناظم نعمت اللہ خان نے ڈاکخانہ چورنگی کو ان سے منسوب کیاتھابعدازاں پل بننے سے چورنگی ختم ہوئی تو نام بھی ختم ہوگیا،یہی نہیں حضرت شاہ عبدالعلیم صدیقیؒ کے صاحبزادے قائدملت اسلامیہ حضرت علامہ شاہ احمدنورانی صدیقیؒ سے منسوب نورانی(نمائش) چورنگی کو بھی ختم کردیا گیا ہے،لیکن اس طرح ان نابغہء روزگار ہستیوں کی تاریخی خدمات کو فراموش نہیں کیاجاسکتا،ملک کے طول وعرض میں ان کے کروڑوں اور دنیابھر میں بے شمار چاہنے والے ان کا نام ہمیشہ روشن رکھیں گے۔

Comments are closed.