مظفر گڑھ: سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کے بھائی قاتلانہ حملے میں جاں بحق ،اطلاعات کے مطابق مظفرگڑھ میں سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کے بھائی قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق واقعہ تھرمل چوک کے قریب بہاری کالونی میں پیش آیا جہاں مقامی زمین کے تنازع پر پنچائت منعقد کی گئی تھی۔
ملتان سے ذرائع کے مطابق پنچائت کا فیصلہ ہونے کے بعد مخالفین نے اچانک فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں مشتاق دستی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔مقتول کی لاش کو ڈی ایچ کیو منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ضابطے کی کارروائی کی جارہی ہے۔ اطلاع ملنے پر پولیس بھی پہنچ گئی ہے اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر پنجائیت کے دوران اور اس سے قبل بھی مخالفین آپس میں کسی وجہ سے ناراض تھے اور مخالفین کی جانب سے مشتاق دستی کو پہلے دھمکیاں بھی دی چکی تھیں،
پولیس کا کہنا ہے کہ باوجود ان دھمکیوں کے انہوں نے اپنا معاملہ پنچائت میں اٹھایا اور پنچائیت کے فیصلے کو منظور کرنے کا بھی کہا تھا، لیکن مخالفین نے پنچائت کا فیصلہ آنے کے فوراً بعد ہی مشتاق دستی پر فائرنگ کر دی،جس کی وجہ سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
مشتاق دستی کے بھائی جمشید دستی کا اپنے بھائی کے قتل کے حوالے سے ابھی کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے، تاہم انہیں اس واقعے کے حوالے سے اطلاع کر دی گئی ہے۔