میاں بیوی جنت تک کا ساتھ تحریر ۔فرزانہ شریف

0
155

دنیا کے خوبصورت ترین رشتوں میں سے ایک رشتہ میاں بیوی کا بھی ہے جب دو انسان نکاح جیسے مقدس بندھن میں بندھ جاتے ہیں تو ایک قسم کا عہد ہوتا ہے ہردکھ درد ۔خوشی غم میں ایک دوسرے کا مضبوط سہارا بنیں گے نہ کہ کسی ایک پر آزمائش آنے پر بدنسلوں کی طرح دوسرے منڈھیروں کی تلاش میں نکل جائیں گے تو میں کہہ رہی تھی کہ میاں بیوی ایک دوسرے کے سکھ چین کے ساتھ ہوتے ہیں میاں بیوی کو چاہئیے اگر ہوسکے تو آپس میں پیار محبت بڑھانے کے لیے اور ساتھ اپنی دلی خوشی کے لیے بھی ہر موقع پر ایک دوسرے کو مہنگے تحائف دینے کی بجائے ایک دوسرے کی خاطر چند سطریں لکھ دیا کریں یا پھرچوری کے کچھ اشعار کا سٹیٹس لگا کر اپنی اپنی زندگی میں ایک دوسرے کے کردار پر خوشی اور اعتماد کااظہار کردیا کریں چوری کے اشعار اس لیے کہہ رہی ہوں اب ہر کوئی شاعر یا شاعرہ تو ہو نہیں سکتے چوری چکاری سے ہی کام چلانا پڑے گا ناںْ۔رشتے بنانے آسان ہیں نہ نبھانے۔ عام طور پر زیادہ تر لوگ اپنے شریک حیات کی خامیاں بیان کرتے دکھائی دیتے ہیں جس کے نتیجے میں یہ خوبصورت پاکیزہ رشتہ ایک بوجھ بن کر رہ جاتا ہے۔
ہمیشہ ایک دوسرے کی خامیوں کو نظرانداز کیا کریں اور خوبیوں کو سراہا کریں ہے بلکہ سرِ عام سراہا جایا جانا چاہئیےیہی ہمارے رشتے کی خوبصورتی ہے۔۔
میرے نزدیک اس بات میں کوئی قباحت نہیں کہ آپ اپنے ساتھی کی تعریف کریں اسکے ساتھ کو اپنی خوش نصیبی سمجھیں اور برملا اس کا اظہار بھی کریں

اکثر دیکھا جاتا ہے کچھ خواتیں جب گھر سے باہر جاتی ہیں خوب بن سنور کرواپس گھر آتے ساتھ سب سے پہلے وہ اپنا سارا بناو سنگار ختم کرتی ہیں حالانکہ یہ بہت غلط بات ہے اپنے شوہر کے لیے بننا سنورنا بھی عبادت کے زمرے میں آتا ہے۔۔شوہر کے لئے بن سج کر رہیں۔ پرفیوم، ماؤتھ واش وغیرہ کا استعمال روٹین میں کریں۔ نیل پالش ریموور بھی پاس رکھیں تا کہ نماز سے پہلے نیل پالش اتار کر وضو کیا جا سکےاپنے شوہر اور سسرال کے سامنے اپنے میکے کا بھرم رکھیں۔ اگر میکے میں اپنی بھابیوں سے کچھ ان بن ہو، یا کسی اور کے ساتھ مسئلے مسائل ہوں، تو بھی شوہر کو ان سلسلوں میں مت ڈالیں۔ بالکل اسی طرح، میکے کے سامنے سسرال کا بھرم رکھیں۔ سسرال کو ٹاپک بنا کر غیبت میٹنگ کو عادت نہ بنائیں سسرال جو اپ کو اپنے گھر کی عزت بناکر لاتے ہیں ان کو کبھی اپنا دشمن نہ سمجھیں بلکہ ان میں گھل مل جائیں کہ یہ ہی اچھے خاندان کی بیٹی کی نشانی ہوتی ہے
ہر رشتے کو مضبوط ہونے میں وقت کے ساتھ ساتھ کوشش بھی درکار ہوتی ہے۔ اس لیے اس رشتے میں بھی بہت سے اُتار چڑھاؤ آتے ہیں ۔ بہت دفعہ ان بن ہوجاتی ہے لیکن اس رشتے میں کبھی آنا کو آنے بلکہ اپنے پاس بھٹکنے بھی نہ دیا جائے
کہتے ہیں میاں بیوی کی لڑائی ناراضگی کے بعد صلح اس رشتے کو مضبوط سے مضبوط ترکردیتی ہے لیکن کوشش یہ ہی کرنی چاہئیے اگر شوہر غصے میں ہو کسی وقت تو بجائے ٹر ٹر جواب دینے کے صبر سے خاموش ہو جائیں اگر خاموش رہنا مشکل تو وقتی طور پر آگے پیچھے ہوجائیں جب دونوں کا غصہ ختم ہوجائے تو پھر آرام سے اپنی بات کا نقطہ نظر سمجھائیں۔۔ کبھی کوئی ایسی ویسی بات اپنے بیڈروم سے باہر نہ نکلنے دیں ۔اسے چھوٹی سی ٹپ سمجھ لیں لیکن یہ چھوٹا سا عمل کبھی آپ کے رشتے کو کمزور نہیں ہونے دے گا۔مانیں یا نہ مانیں لیکن رشتوں کو کمزور ہمیشہ دوسروں کی مداخلت ہی کرتی ہے۔
ہاں اگر آپ خود معاملات سلجھانے کی سکت نہیں رکھتے تو کسی اپنے سے مشورہ کر لیا کریں لیکن بلا ضرورت کسی کو ذاتی معاملات تک رسائی نہ دی جائے تو بہتر ہے۔
اپنے شوہر کی تعریف کرنے میں کبھی کنجوسی نہ کریں جی بھر کر ان کی تعریف کریں لاڈ کریں انھیں اپنا اتنا عادی بنالیں کہ انھیں آپکے بنا ایک پل چین نہ ملے
اگر اسے آپ میری بولڈنیس سمجھنا چاہیں تو سمجھ سکتے ہیں۔میرا تو یہی عقیدہ ہے کہ معشوق کی خاطر عشقیہ شاعری پوسٹ کر کر کے ہلکان ہونے والی قوم اگر اپنے اپنے حقیقی ساتھی کی شان میں بھی کچھ پوسٹ کر دیا کریں تو یہ بالکل شرمندہ ہونے والی بات نہیں۔بلکہ یہ چیز ایک مثبت کردار ہی ادا کرے گی۔
ایک دوسرے کے والدین کی بہت عزت کریں ایک دوسرے کےرشتہ داروں کو مان دیں عزت دیں ۔یہاں ایک اور ٹپ دینا چاہوں گی کہ اگر کوئی اپنی بیوی کے دل میں جگہ بنانا چاہتا ہے تو وہ بیوی کے والدین کی بھی اتنی ہی عزت کرے جتنی وہ بیوی سے اپنے والدین کیلئے چاہتا ہے۔
کہتے ہیں عورت کی وفاداری دیکھنی ہو تو شوہر کی تنگدستی میں دیکھو اور میں کہتی ہوں کہ اگر شوہر کے ساتھ نبھانے کے وعدے پرکھنے ہوں تو بچوں کی پیدائش اور پرورش کے دوران اس کا کردار دیکھ لو
آخر میں ایک بات اور کہنا چاہتی ہوں کہ
زندگی میں کچھ ایسے حالات و واقعات بھی ہو جاتے ہیں جن کا اثر آپ سے زائل نہیں ہوپاتا اور وہ آپکا ماضی نہیں بن پاتے۔ اور آپ کے دل پر بوجھ ہونے کے ساتھ آپ اپنی نئی زندگی شروع نہیں کر پاتے۔ اور پھر کوئی ایسی بات جو کسی اور کے منہ سے سن کے آپکے تعلق پر اثر پڑے آپ خود اعتماد میں لے کے بتا دیں تو بہتر ہے۔ اور پھر کسی بھی تعلق میں سچائی، اعتماد اور بھروسہ ہی اس کی بنیاد ہوتی ہے۔
اللہ تعالی آپ کے حلال رشتوں میں برکت فرمائے ایک دوسرے کا سکون بن کر رہنے کی توفیق عطا فرمائے اور جنت میں بھی ایک دوسرے کا ساتھ نصیب ہو آمین ثمہ آمین

Leave a reply