صوبائی وزیراوقاف و مذہبی امور پیرسعید الحسن شاہ کی زیر صدارت محرم الحرام کے امن و امان کا جائزہ لیا گیا ہے، اس اجلاس میں انہوں نے کہا ہے کہ قیام امن کے لیے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام نے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے، محرم الحرام کے مقدس مہینے میں بھی بھائی چارے اور رواداری کی فضاء کو پروان چڑھانے میں علماء کرام اپنا بھرپور تعاون جاری رکھیں، محرم الحرام کے موقع پرضلعی انتظامیہ، پولیس تمام سرکاری اداروں اور ضلعی و تحصیل امن کمیٹیوں سے مل کر تمام انتظامات قبل از وقت مکمل کرے، صوبائی وزیر اوقاف کا محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے، مجالس اور جلوسوں کی فول پروف سکیورٹی، راستوں میں روشنی، صفائی، نکاسی آب سمیت دیگر انتظامات کے بارے میں ہدایت جاری کی ہیں.
اجلاس میں ڈپٹی کمشنرنبیلہ عرفان، ڈی پی او سید اکبرعلی شاہ کے علاوہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد حنیف، عائشہ غضنفر، اسسٹنٹ کمشنرزعثمان سکندر، عرفان مارٹن، عثمان اکرم، سی ای او ڈاکٹر خالد جاوید، ڈی او ڈاکٹرمحمد طارق، ڈی ایس پی ٹریفک فوزیہ، سی ڈی او عاصم ریاض، سی اوز میونسپل کمیٹیزو دیگر محکموں کے افسران نےاجلاس میں شریک کی ہے.
ڈپٹی کمشنر نبیلہ عرفان نے صوبائی وزیر اوقاف کو بتایا کہ ضلع کی سطح پر مسلسل مانیٹرنگ کیلئے ڈی سی آفس میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، جہاں سے حساسں جلوسوں، مجالس کی بذریعہ سی سی ٹی وی کیمروں سے لائیو مانیٹرنگ کی جائے گی، ڈی سی آفس میں کنٹروم روم بنا دیا گیا ہے، اس کے علاوہ جلوس کی گزرگاہوں میں صفائی ستھرائی اور بجلی کی لٹکتی تاروں کے لیے ضروری ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
ڈی پی او سید اکبر علی شاہ نے بھی صوبائی وزیر اوقاف کو ضلع بھر میں منعقدہ جلوس اور مجالس کی سیکورٹی کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا ہے.
صوبائی وزیر اوقاف پنجاب نے کہا کہ محرم الحرام میں غیرملکی امن دشمن قوتیں فرقہ وارایت کی آگ بھڑکانے کے مذموم ایجنڈا کی تکمیل کیلئے متحرک ہوجاتی ہیں، ایسی قوتوں کے خلاف ہمیں اپنی صفوں میں مکمل اور مثالی اتحاد پیدا کرتے ہوئے مسلسل چوکنا رہنا ہوگا، بالخصوص ہمسایہ ملک افغانستان میں موجودہ حالات کے تناظر میں تخریبی سرگرمیوں سے نمٹنے کے لیے سوشل میڈیا اور امن دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھنا ہوگی، تمام مسالک کے جید علماء کرام مکمل ہم آہنگی اور بھائی چارے کے ساتھ قیام امن کی حکومتی کوششوں کو کامیاب بنائیں، کسی بھی شرانگیزی، فرقہ واریت اورمذہبی منافرت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، سوشل میڈیا کو بالخصوص ملکی قوانین کے تابع بنانے کیلئے مزید ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے، نفرت انگیز پوسٹ، مواد اپ لوڈ کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق فوری ایکشن سے بہتر نتائج حاصل ہوں گے، آل رسول ؐ کی محبت ہمارے ایمان کا لازمی جزو ہے، جس کا پہرہ دینا ہمارا اولین فرض ہے، تمام مسالک کے علماء مل کرایسی تمام قوتوں کے مکروہ عزائم کو ناکام بنائیں گے، جو امت مسلمہ کی صفوں میں انتشار اور تفرقہ پیدا کرنا چاہتے ہیں.
صوبائی وزیر اوقاف نے متعلقہ کو ہدایت کی کہ وہ مجالس اور جلوس کے روٹس پر پیچ ورک اور لائٹس کا کام جلد مکمل کریں تا کہ عزا داروں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے، تمام مجالس میں کورونا ایس او پیز کو بھی سختی سے ملحوظ خاطر رکھا جائے، سماجی فاصلہ اور ماسک کا استعمال لازمی ہوگا، کسی بھی عزادار کو ماسک کے بغیر جلوسوں یا مجالس میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی، کورونا ویکسی نیشن بھی ضروری ہوگی، سی اوزمیونسپل کمیٹیز کو مزید ہدایت کی کہ وہ جلوسوں اور مجالس کے راستوں سے تجاوزات کا خاتمہ بھی کروائیں، تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز بھی اپنی اپنی تحصیلوں میں عاشورہ محرم الحرام کے انتظامات کومکمل کریں، تجاوزات، لائٹس اور پیچ ورک کا کام جلد مکمل کروائیں.
محمد عارف راشد باغی ٹی وی نارووال








