سندھ ہائیکورٹ نے ایم کیو ایم مرکز نائن زیرو سے اسلحہ برآمدگی کیس میں عبید کے ٹو، فیصل موٹا، فرحان شبیر سمیت 11 ملزمان کی سزا کیخلاف اپیل پر رینجرز اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر کو نوٹس جاری کردیئے۔ جسٹس کے کے آغا اور جسٹس ارشاد علی خان پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو ایم کیو ایم مرکز نائن زیرو سے اسلحہ برآمدگی کیس میں سزا یافتہ مجرموں عبید کے ٹو، فیصل موٹا، فرحان شبیر سمیت 11 ملزمان کی سزا کیخلاف اپیل کی سماعت ہوئی۔
جسٹس کے کے آغا نے ریمارکس دیئے مجرم عبید کے ٹو کو جیل سے عدالت کیوں لایا گیا ہی پراسیکیوٹر اقبال اعوان ایڈوکیٹ نے موقف دیا کہ عبید کے ٹو نے ذاتی حیثیت سے اپیل دائر کی تھی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ پیروی کے لیے وکیل کرنا ہے یا سرکاری خرچ پر وکیل کی اجازت دی جائی عبید کے ٹو نے بتایا ذاتی خرچ پر وکیل کی خدمات حاصل کرنے کے لیے مہلت دی جائے۔
وکیل کرنے کے لیے پیسے نہیں ہیں کیس میں لمبی تاریخ دی جائے۔ ملزم عبید کے ٹو نے طبی معائنے کے لیے درخواست جمع کرادی۔ عدالت نے عبید کے ٹو کا طبی معائنہ کرنے کی اجازت دے دی۔ عدالت نے مجرموں کی اپیلوں پر رینجرز اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 12 اکتوبر تک جواب طلب کرلیا۔ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے ایم کیو ایم کارکنوں کو جرم ثابت ہونے پر سزا سنائی تھی۔ رینجرز نے 11 مارچ 2015 کو ایم کیوایم نائن زیرو پر چھاپے کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا تھا۔

Shares: