جامعہ کراچی میں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب

0
55

جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمو عراقی نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے فلسفے اتحاد ،تنظیم اور یقین محکم پر عمل پیراہوکر ہی ہم ایک عظیم فلاحی ریاست کا خواب شرمندہ تعبیر کرسکتے ہیں۔اس یوم آزادی کے موقع پر قوم کے ولولہ انگیز جذبات قابل ستائش ہیں اور یہ ہی ایک زندہ قوم کی نشانی ہے کہ وہ اپنے یوم آزادی کو بھر پور جو ش وجذبے اور ولولہ انگیزی سے مناتی ہے۔
موجودہ دور میں پاکستان کو اندورنی وبیرونی چیلنجزدرپیش ہیں لیکن عساکر پاکستان اپنی لازوال قربانیوں سے عظمت اور شجاعت کی نئی تاریخ رقم کررہی ہے جس پر پوری قوم عساکر پاکستان کی سپاس گذار ہے ۔ہمیں من حیث القوم پاکستانی پرچم کے سائے تلے ایک ہونے کی ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے 74 ویں یوم آزادی کے موقع پر جامعہ کراچی کی انتظامی عمارت کے سامنے سبزہ زارپر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس اوپیز پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا گیا۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہواجس کے بعد حمد ونعت پیش کی گئی ،ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور شیخ الجامعہ نے پرچم کشائی کی۔تقریب میں تمام روئسائے کلیہ جات ،رجسٹرار جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹرعبدالوحید ،مشیر امورطلبہ ڈاکٹر سید عاصم علی، اساتذہ اور انتظامی عملے کی بڑی تعداد موجود تھی۔
ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ پاکستان بنانے کا مقصد صرف خطے کا نہیں بلکہ ایک آزاد مملکت کاحصول تھا جہاں برابری کی بنیاد پر انصاف کی فراہمی،اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور اسلامی اصولوں کی بنیاد پر انسانی رابطے قائم ہوں۔آج اگر ہم پاکستان کا دیگر ممالک سے موازنہ کریں تووہ معاشی طور پر پاکستان سے بہت آگے ہیں اور ان ممالک کی معاشی طورپر مستحکم ہونے کی وجہ محنت ہے کیونکہ وہ ہی قومیں ترقی کرتی ہیں جو محنت کو عظمت سمجھتی ہیں۔
ہم ہمیشہ دوسروں کے احتساب کی بات کرتے ہیں لیکن اپنا احتساب نہیں کرتے جبکہ اس عمل کا آغاز اپنی ذات سے کرنا ناگزیر ہوتاہے ۔

Leave a reply