پاک بحریہ نے پاکستان کا 75واں یوم آزادی روایتی جوش و جذبے سے منایا

0
49

اسلام آباد :پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر قائداعظم محمد علی جناح کے مزارپر گارڈ تبدیلی کی ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس پر مشتمل چاق و چوبند دستے نے پورے جوش و جذبے کے ساتھ مزار قائد پر اعزازی گارڈ کی ذمہ داری سنبھالی۔

 

کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی، کموڈور سہیل احمد عزمی نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور گارڈ کا معائنہ کیا۔ مہمان خصوصی اور پاکستان نیول اکیڈمی کے دستے نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کو قومی سلام پیش کیا۔ اعزازی گارڈ کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد، مہمان خصوصی نے سربراہ پاک بحریہ، افسران اور جوانوں کی جانب سے مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

 

بعد ازاں مہمان خصوصی نے فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کرتے ہوئے قائد محترم کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

قبل ازیں دن کا آغاز توپوں کی سلامی کے ساتھ کیا گیا اور ملک کی یکجہتی اور ترقی کے لئے پاک بحریہ کی تمام مساجد میں خصوصی دعا کا اہتمام کیا گیا۔ پاک بحریہ کے بحری جہازوں اور یونٹس کو روایتی انداز میں روشن کیا گیا۔ اسلام آباد، لاہور، کراچی، گوادر اور اورماڑہ میں واقع پاک بحریہ کی مختلف یونٹس میں پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی گئیں۔

پاک بحریہ کی مختلف یونٹس میں یوم آزادی سے متعلق متعدد پروگراموں کا انعقاد کیا گیا جس میں قومی ترانہ پڑھنا اور نیوی بینڈ کا خوبصورت مظاہرہ شامل تھا۔ گوادر اور اورماڑہ میں بوٹ ریلیز کے انعقاد کے ساتھ کھیلوں کے مختلف پروگرامز اور سکولوں میں جشن آزادی کی تقریبات اور ریلیز بھی دن بھر کی تقریبات کا ایک اہم حصہ تھیں۔

علاوہ ازیں پاکستان نیوی نے محکمہ جنگلات حکومت سندھ کے عہدیداروں کے تعاون سے Own a Tree Campain کے تحت شاہ بندر کے علاقے ستاواہ کریکس میں مینگرووز کی شجرکاری مہم جو 14-20اگست تک جاری رہے گی کا انعقاد کیا۔ مینگرووز کی شجرکاری مہم کے دوران 100000 سے زائد پودے لگائے جائیں گے تاکہ آئندہ نسلوں کو محفوظ اور صحت مند ماحول فراہم کیا جاسکے۔

یوم آزادی 2021 کے موقع پر، صدر پاکستان نے پاک بحریہ کے افسران، سی پی اوز / سیلرز اورسویلینزکے لیے عسکری اور سول ایوارڈز کی منظوری دی۔ ایوارڈز میں 02ہلال امتیاز (ملٹری)، 08 ستارہ امتیاز (ملٹری)، 04 تمغہ امتیاز (ملٹری) اور 01 تمغہ بسالت شامل ہیں۔

اس کے علاوہ 02 امتیازی اسناد اور 39 تمغہ خدمت (ملٹری) کے ایوارڈز کی ماسٹر چیف پیٹی آفیسرز، چیف پیٹی آفیسرز اور سیلرز کے لئے منظوری دی گئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف کی جانب سے بھی 48 آفیسرز، ماسٹر چیف پیٹی آفیسرز، چیف پیٹی آفیسرز / سیلرز اور سویلینز کو بھی ستائشی خطوط سے نوازا گیا۔

پاک بحریہ نے مادر وطن کو کسی بھی قسم کی جارحیت سے محفوظ رکھنے کے عزم کے ساتھ یوم آزادی منایا۔

Leave a reply