واشنگٹن:اعلیٰ امریکی حکام نے دعویٰ کیاہے کہ افغان طالبان کو غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر تک رسائی نہیں دی جائے گی۔
باغی ٹی وی : غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی حکام نے واضح طور پر کہا ہے کہ افغانستان کے سرکاری بینک کے غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر تک طالبان کو رسائی نہیں دی جائے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکہ نے کہ افغان سینٹرل بینک میں زرمبادلہ کے ذخائر 9 ارب 40 کروڑ ڈالرز کے ہیں۔
اس حوالے سے امریکی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ افغان سینٹرل بینک کے زیادہ تر ذخائر بیرون ملک موجود ہیں-
واضح رہے کہ افغان حکومت کے خاتمے طالبان کی تیز رفتار پیش قدمی کی رفتار اور اس کے نتیجے میں جنم لینے والی افراتفری نے صدر جوبائیڈن کو بطور کمانڈر انچیف انتہائی مشکل صورتحال سے دوچار کردیا ہے۔
امریکی انٹیلی جنس حکام کی جانب سے محض چند روز قبل کیے جانے والے دعوے میں کہا گیا تھا کہ آئندہ 30 روز کے اندر طالبان کابل کا دیگر شہروں سے رابطہ منقطع کرسکتے ہیں اور 90 روز میں کابل پر قابض ہوسکتے ہیں۔
طالبان نے اپنی جنگی حکمت عملی سے امریکی انٹیلی جنس کے بھی تمام دعوؤں کو یکسر غلط ثابت کردیا ہے جس کی وجہ سے جوبائیڈن کو ری پبلکن سمیت دیگر اپوزیشن رہنماؤں کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے-
رپورٹس کے مطابق جوبائیڈن انتظامیہ کی ناکامی ہی کا نتیجہ ہے کہ امریکی افواج کے محفوظ انخلا کا منصوبہ ہنگامی بنیادوں پر اںخلا کا منصوبہ بن گیا ہے بائیڈں گزشتہ کئی ماہ سے دکھائی دینے والے واقعات کو نہ صرف دیکھنے میں ناکام رہے بلکہ حالات کو ان کی حقیقی شدت کے بجائے کم نوعیت کا بتاتے رہے۔
موجودہ امریکی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام نے تسلیم کیا ہے کہ وہ افغان سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ہتھیار ڈالنے کی برق رفتاری دیکھ کر قدرے محتاط ہو گئے تھے۔