اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سےامریکی سیکریٹری آف سٹیٹ اینٹونی بلنکن کا افغان معاملے پر رابطہ ہوا۔
باغی ٹی وی :وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور امریکی وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔ دونوں رہنماؤں نے افغانستان میں تیزی سے بدلتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیرخارجہ نے مختصر مدت کے اندر صورتحال میں اہم تبدیلی اور تشدد سے بچاو سے متعلق پاکستان کے نکتہ نظر سے آگاہ کیا۔ انہوں نے آگے بڑھنے کے بہترین راستے کے طورپر اجتماعیت کے حامل سیاسی تصفیہ کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے زور دیا کہ پاکستان امریکہ اور دیگر عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر افغانستان میں امن واستحکام کے قیام کی کوششوں کے لئے کاربند رہے گا۔ انہوں نے امریکہ کی جانب سے افغانستان کی معاشی معاونت جاری رکھنے پر زوردیتے ہوئے اسے کلیدی اہمیت کا حامل قرار دیا۔
وزیر خارجہ نے سفارت خانوں کے عملے اور اہلکاروں، عالمی تنظیموں، ذرائع ابلاغ سمیت دیگر افراد کے انخلاءمیں سہولت فراہم کرنے کی پاکستان کی کوششوں سے بھی سیکریٹری بلنکن کو آگاہ کیا۔
پاکستان اور امریکہ کے دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے امریکہ کے ساتھ وسیع البنیاد، طویل المدتی اور پائیدار تعلقات استوار کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا جس کی بنیاد امن، گہرے معاشی تعاون اور خطے کو رابطوں سے جوڑنے پر ہے۔
وزیر خارجہ اور سیکریٹری آف سٹیٹ نے مشترکہ مقاصد کے فروغ کے لئے قریبی رابطے استوار رکھنے پر اتفاق کیا۔