ایڈمنسٹریٹر کراچی ، ترجمان حکومت سندھ و مشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بوٹ بیسن کلفٹن پر فوڈ اسٹریٹ قائم کی جائے گی جسے جدید اور قدیم طرز و تعمیر کے تحت بنایا جائے گا، یہ بات انہوں نے بوٹ بیسن کلفٹن اور نشیبی علاقے میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے کہی، اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی وقار مہدی، کراچی نیبرہڈ پروجیکٹ کے پروجیکٹ ڈائریکٹر اور کرم اللہ وقاصی بھی ان کے ہمراہ تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی کے دورے کے موقع پر کراچی نیبر ہڈ امپروومنٹ پروگرام کے پروجیکٹ ڈائریکٹر نے بوٹ بیسن کلفٹن پر فوڈ اسٹریٹ کے قیام سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ سندھ حکومت نے یہاں پر فوڈ اسٹریٹ کی تزئین و آرائش اور تعمیر کا کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی و ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہا ب نے کہا کہ بوٹ بیسن فوڈ اسٹریٹ کے ساتھ واکنگ ٹریک اور دیگر سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی اور اس فوڈ اسٹریٹ کی تعمیر میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ساتھ ساتھ قدیم طرز تعمیر کو بھی پیش نظر رکھا جائے گا تاکہ قدیم و جدید کا خوبصورت امتزاج پیش کیا جاسکے، انہوں نے بوٹ بیسن پر جاری ترقیاتی کاموں کی تیزی سے تکمیل پر زور دیا اور کہا کہ یہ پروجیکٹ کراچی کے شہریوں کے لئے ساحل سمندر کے قریب ایک معیاری منصوبہ ثابت ہوگا جس سے شہریوں کی بڑی تعداد کو مستفید ہونے کا موقع میسر آئے گا، انہوں نے کہا کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں فوڈ اسٹریٹ قائم کی گئی ہیں جن کا مقصد شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے، دنیا کے تمام بڑے شہروں میں اس طرز کی فوڈ اسٹریٹ قائم ہیں جہاں شہری اپنی فیملی کے ہمراہ آئوٹ ڈور ڈائننگ کے لئے آتے ہیں اور اس کے ساتھ دیگر تفریحی سہولیات بھی دستیاب ہوتی ہیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اس پروجیکٹ کو ہر لحاظ سے بہتر اور مفید بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ سندھ حکومت شہریوں کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن اچھے اور موثر کام جاری رکھے گی، انہوں نے کہا کہ کراچی نیبر ہڈ امپروومنٹ پروجیکٹ شہر کا اہم ترقیاتی منصوبہ ہے جس کے ذریعے مختلف اہم علاقوں کو ترقی دی جارہی ہے اور سڑکوں ، فٹ پاتھوں ، چوراہوں اور دیگر مقامات کو جدید و خوبصورت بنایا جا رہا ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ بوٹ بیسن کلفٹن کے علاقے میں بھی اس پروجیکٹ پر عملدرآمد سے خاصی حد تک بہتری آئے گی اور شہریوں کو اس جگہ بہترین سہولیات ملیں گی، سندھ حکومت اس پروجیکٹ پر عملدرآمد کے سلسلے میں ہر ممکن تعاون کرے گی۔

بوٹ بیسن کلفٹن پر فوڈ اسٹریٹ قائم کی جائے گی جسے جدید اور قدیم طرز و تعمیر کے تحت بنایا جائے گا : مرتضیٰ وہاب
Shares:







