اسلام آباد:صحافیوں کو ہراساں کرنے سے متعلق کیس، چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا لارجر بینچ تشکیل،اطلاعات کے مطابق صحافیوں کو ہراساں کرنے پرجسٹس قاضی فائزعیسیٰ کے ازخود نوٹس کے معاملے پر قائم مقام چیف جسٹس نے لارجر بینچ تشکیل دے دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق قائم مقام چیف جسٹس عمرعطابندیال نےپانچ رکنی لارجربینچ تشکیل دے دیا ہے، لارجربینچ کی سربراہی خود قائم مقام چیف جسٹس عمرعطابندیال کریں گے جبکہ جسٹس قاضی فائز جسٹس عمرعطابندیال کی سربراہی میں قائم بینچ کاحصہ نہیں ہونگے۔
بینچ میں جسٹس اعجازالاحسن،جسٹس منیب اختر، جسٹس قاضی محمدامین،جسٹس محمدعلی مظہرشامل ہونگے، پانچ رکنی لارجر بینچ چھبیس اگست کے بجائے پیر کو کیس کی سماعت کرے گا، کیس سے متعلق اٹارنی جنرل خالد جاوید خان کو نوٹس جار ی کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز سپریم کورٹ آف پاکستان نے صحافیوں کو ہراساں کرنے کے خلاف دائر درخواست کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے ڈائریکٹر جنرل، انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد اور سیکریٹری داخلہ کو ذاتی حیثیت میں طلب کرنے کا حکم دیا تھا۔
سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس جمال خان مندوخیل پر مشتمل دو رکنی بینچ نے درخواست کی سماعت کرتے ہوئے آئین کی دفعہ 184(3) کے تحت عوامی مفاد میں نوٹس لیا تھا،صحافیوں کوہراساں کرنےپرسپریم کورٹ کےازخودنوٹس کا تحریری حکم جاری کیا تھا۔