کراچی میں اولڈ سٹی ایریا کے علاقے ایم اے جناح روڈ پر نامعلوم ملزمان نے دوائیوں کی 6 ہول سیل دکانوں میں واردات کی ہے۔نامعلوم ملزمان نے 5 دکانوں اور ایک گودام کے تالے توڑ کر لوٹ مار کی۔ ہول سیل کراچی فارما آرگنائزیشن کے صدر زبیر میمن نے بتایا کہ ایم اے جناح روڈ پر میڈیسن مارکیٹ کے دکاندار حسب معمول اتوار کی شام دکانیں اور گودام مقفل کرکے گئے تھے کہ آج دوپہر کاروبار کے لیے پہنچے تو گوداموں اور دکان کے تالے ٹوٹے ہوئے پائے۔
زبیر میمن کے مطابق ملزمان دکانوں اور گودام سے سامان نہیں لے کر گئے بلکہ ہر گودام میں رکھا گیا کیش لوٹا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ لگ بھگ 20 لاکھ سے زائد کی نقد رقم لوٹی گئی۔ہول سیل کراچی فارما آرگنائزیشن کے سیکریٹری اسلم پولانی نے بتایا کہ سچل میڈیکوز، موسانی میڈیکوز، ایف اینڈ ایچ میڈیکوز، نورانی میڈیکوز اور میڈی سروسز کی دکانوں پر وارداتیں ہوئی ہیں جبکہ میڈی سروسز کی دکان اور گودام پر لوٹ مار کی۔
اسلم پولانی کے مطابق واردات کی اطلاع رسالہ پولیس کو کردی گئی ہے اور اعلی حکام کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پولیس موقع پر پہنچ گئی، تفتیش کا آغاز کردیا گیا۔اسلم پولانی کے مطابق 3 ماہ پہلے بھی اسی مارکیٹ کے گوداموں اور دکانوں میں ایسی وارداتیں ہوچکی ہیں۔ کچھی گلی میڈسین مارکیٹ میں تالے توڑ کر ڈکیتی کی واردات پر پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن PCDA کے ممبرز میں گہری تشویش اور بے چینی محسوس کی جارہی ہے۔
ایسوسی ایشن کے چیئرمین صلاح الدین شیخ نے بتایا کہ 3ماہ پہلے بھی اسی مارکیٹ کے گوداموں اور دکانوں میں ایسی واردات ہوئی تھی۔ فارما برادری میں کراچی کے اس واقعہ سے عدم تحفظ کا احساس بڑھا ہے۔ پی سی ڈی اے مصیبت کے وقت اپنے دکانداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہول سیل کراچی فارما آرگنائزیشن کے صدر زبیر میمن اپنی مکمل مدد اور حمایت کا یقین دلاتی ہے اور چیف منسٹر سندھ مراد علی شاہ اور اور آئی جی سندھ سے مطالبہ کرتی ہے کہ فوری اس دیدہ دلیری والی ڈکیتی کا نوٹس لیں تاکہ فارما تاجروں کا گورنمنٹ پر اعتماد بحال ہو۔

Shares: