بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ فنانس کے افسران خصوصاً ڈائریکٹر ویلفیئر، ڈائریکٹر اکائونٹس کی نااہلی کھل کر سامنے آگئی۔ پراویڈنٹ فنڈ کے اکائونٹ میں ڈیڑھ کروڑ روپے کی رقم ہونے کے باوجود ایک کروڑ 76 لاکھ کے چیکس جاری کردیئے جس کی وجہ سے 26 لاکھ مالیت کے 20 چیکس بائونس ہوگئے اور ان 20 ملازمین میں سے 8 کی بچیوں کی اس ماہ کے آخر میں شادیاں طے ہیں جس سے ان میں سخت بے چینی پائی جاتی ہے۔
اس سلسلے میں ڈائریکٹر ویلفیئر کے ایم سی کوئی واضح جواب دینے سے قاصر ہیں اور وہ سارا نزلہ اپنے اسٹاف اور اعلیٰ افسران پر ڈال کر خود بری الذمہ ہونے کی کوشش کررہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اعلیٰ افسران کے دبائو میں آکر چیک جاری کیے گئے ہیں۔ جو چیک واپس آتے ہیں ان کی پوسٹنگ دیر سے ہوتی ہے۔ اس سلسلے میں متاثرہ ملازمین نے مزدور رہنما سید ذوالفقار شاہ سے ملاقات کرکے انہیں صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس سلسلے میں انکوائری کی جائے اور ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کی جائے۔

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ فنانس کے افسران کی نااہلی سامنے آگئی
Shares: