کراچی سرکلر ریلوے کے 38 کلومیٹر ٹریک کو کلئیر کردیا گیا ہے ۔ شیخ رشید احمد

کراچی ۔ 2 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کراچی سرکلر ریلوے کے بحالی کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور 38 کلومیٹر ٹریک کو کلئیر بھی کرایا گیا ہے، آئندہ 90 روزہ میں کراچی اور لاہور میں نئے واشنگ لائنز جبکہ ایم ایل- 1منصوبہ کے تحت نئے سگنلز اور ٹریکس بھی تعمیر کئے جائیں گے،گزشتہ سال کے مقابلے میں امسال ریلوے کے حادثات میں کمی آئی ہے، پرانے ٹریکس اور سگلنز حادثات کے اہم وجوہات میں سے ہیں ، ایم ایل- 1 ان تمام مسائل کا حل ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو اپنے کیمپ آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر 138 ریل گاڑیاں ٹریک پر چل رہی ہیں ۔ وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ لوگ ریلوے ٹریکس پر بیٹھ کر کارڈز کھیلتے ہیں جبکہ سکھر میں ریلوے ٹریک کے اطراف میں مساجد، مزارات اور قبرستان بنائے گئے ہیں جس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے تقریباً 70 فیصد آبادی سے گزرتا ہے، موجودہ حکومت کے دوران ریلوے کے مسافروں اورمال گاڑیوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور 38 کلومیٹر ٹریک کو کلئیر بھی کرایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ باقی چار سے پانچ کلومیٹر ٹریک سندھ حکومت کے تعاون کے بغیر کلئیر نہیں کیا جاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام کے لئے ٹرانسپورٹ کے اس منصوبے کی بحالی میں حکومت سندھ کو مدد کرنے کے لئے آگے بڑھنا چاہئے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اس مہینے کے 10 تاریخ سے سندھ ایکسپریس کے روٹ میں ملتان تک توسیع کرنے کا بھی اعلان کردیا ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ریلوے ٹریک پر تعمیر کئے گئے تمام اسکولز اور انسٹی ٹیوشن کو بند کرایا گیا ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ان کی کچھ پرانی ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے لیکن بد قسمتی کچھ نیوز چینلز بھی ان کو چلارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں میڈیا سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس طرح کی پرانی ویڈیوز کو نہ چلائے کیونکہ ان ویڈیوز کا ریلوے کے معاملات سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ویڈیوز اس وقت کی ہے جب وہ اپوزشن میں تھے ۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے10 اگست سے فریٹ کے کرایوں میں 20 اضافہ کرنے کا بھی اعلان کیا تاہم مسافر گاڑیوں کے کرائے برقرار رہیں گے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ریلوے کے آمدن میں اضافہ ہوا ہے جبکہ خسارے میں کمی آئی ہے ۔

Shares: