فیصل آباد(27اگست 2021)وزیراعظم کے ٹین بلین ٹری منصوبہ کے تحت ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام ضلع فیصل آباد میں بیک وقت ایک لاکھ پودے لگاکر عالمی ریکارڈ قائم کیا گیا ہے۔
تحصیل سٹی وصدر میں 20 ہزار،تحصیل جڑانوالہ،سمندری،تاندلیانوالہ اور چک جھمرہ میں 16/16 ہزار پودے لگائے گئے۔کلیم شہید پارک نڑوالا روڈ میں منعقدہ تقریب میں صوبائی وزیر کالونیر وکلچر میاں خیال احمد کاسترو،ڈویژنل کمشنر ثاقب منان،ڈپٹی کمشنر محمد علی،ارکان اسمبلی شیخ خرم شہزاد،لطیف نذر،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز محمد خالد،عفیفہ شاجیہ،اسسٹنٹ کمشنرز سید ایوب بخاری،عمر مقبول،سی ای اوایجوکیشن علی احمد سیان،ماہر تعلیم اختر بٹ،انچارج کنٹرول روم محمد صادق اور دیگر افسران نے طالب علموں کے ہمراہ ایک ہی وقت میں پودے لگائے جبکہ تحصیل سطح پر اسسٹنٹ کمشنرز فیصل سلطان،نعمان علی،محمد زبیراور محمد حیدر نے بھی سکولوں کے بچوں کے ہمراہ شجرکاری کی جسے کلیم شہید پارک سے سکرین پر براہ راست دکھایا گیا۔
صوبائی وزیر نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے کلین گرین پروگرام کے تحت ایک وقت میں ایک لاکھ پودا لگانے پر ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ شجرکاری وقت کی شدید ترین ضرورت ہے۔ڈویژنل کمشنر نے وسیع شجرکاری مہم کو سراہا اور کہا کہ ڈپٹی کمشنر محمد علی نے فیصل آباد تعیناتی کے آخری روز بھی ریکارڈ قائم کراکر ضلع کا نام روشن کیا ہے۔
انہوں نے طالب علموں سے کہا کہ وہ لگائے جانے والے پودوں کی نشوونما کی بھی ذمہ داری اٹھائیں تاکہ کل کو یہ پودے شجربن کر انہیں سایہ اور ماحول کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرسکیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ آج فیصل آباد میں فرائض کی انجام دہی کے آخری روز ریکارڈ قائم کراکر خوشی محسوس ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد وہ پہلا ضلع ہے جس کی تمام تحصیلوں میں ایک ہی وقت میں شجرکاری کا آغاز کیاگیا۔
انہوں نے شجرکاری مہم اور بیک وقت ایک لاکھ پودے لگانے میں اسسٹنٹ کمشنرز،ایجوکیشن اتھارٹی اور دیگر معاون اداروں کی کاوشوں کو سراہااور کہا کہ کلین گرین پروگرام پر اسی جذبے سے عملدرآمد جاری رکھا جائے۔شجرکاری تقریبات کے دوران قومی ترانہ بجایا گیا اور طالب علموں نے جوش وجذبے سے پودے لگائے۔