آپ جس طرح اور جس طریقے سے بھی تمباکو کا استعمال کریں یقین مانیں یہ آپکی صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے، کسی بھی قسم کے تمباکو میں کوئی ایسی چیز نہیں جو صحت کے لیے اچھی ہو، ایسٹون اور ٹار سے لے کر نیکوٹین اور کاربن مونو آکسائڈ تک، کہیں کوئی محفوظ اور صحت بخش اجزاء نہی ہیں تمباکو میں۔ اور جو دھواں ہم اپنے اندر لے کر جاتے ہیں وہ صرف ہمارے پھیپھڑوں کو ہی متاثر نہیں کرتا بلکہ پورے جسم کے لیے نقصان دہ ہوتا ہے۔
تمباکو نوشی سے ہمارے جسم کے افعال میں پیچیدگیاں پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ لمبے عرصے تک رہنے والے اثرات بھی جسم میں رونما ہو سکتے ہیں۔ جہاں تمباکو نوشی سے آنے والے سالوں میں بہت سی بیماریوں کے ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے وہاں ہمارا جسم دن بدن بہت سی مختلف بیماریوں کی آماجگاہ بنتا چلا جاتا ہے۔ تمباکو نوشی سے نا صرف ہم خود کو نقصان پہنچا رہے ہوتے ہیں بلکہ نادانستہ طور پر ہم اپنے آس پاس کے لوگوں کو بھی بیماریوں کی طرف دھکیل رہے ہوتے ہیں۔ کیونکہ جو بھی اس دھویں میں سانس لے گا جو تمباکو نوشی کرنے والا باہر نکالتا ہے، تو اس پر تمباکو نوشی کرنے والے سے زیادہ اثر ہوتا ہے اس دھویں کا اور یوں نہ چاہتے ہوئے بھی تمباکو نوشی کے مضر اثرات سے خود کو دو چار پائے گا۔ بچے خاص طور پر اس دھویں سے بہت زیادہ متاثر ہوتے ہیں اور بچوں میں بچپن سے ہی سانس اور دل کی مختلف بیماریاں پیدا ہی سکتی ہیں۔
تمباکو نوشی چاہے سگریٹ کی شکل میں ہو یا سگار، پائپ، حقه اور شیشہ کی شکل میں ، اسکے مضر اثرات سے آپ بچ نہیں سکتے۔ تمام صورتوں میں یہ مضر صحت ہے۔ سگریٹ میں تقریباً چھ سو مختلف اجزاء پائے جاتے ہیں ، ان میں سے زیادہ تر سگار اور حقے میں بھی پائے جاتے ہیں. جب ان اجزاء کو جلایا جاتا ہے تو ان سے سات ہزار سے زیادہ کیمیائی مادے پیدا ہوتے ہیں، جن میں سے زیادہ تر زہریلے ہوتے ہیں اور کم از کم انہتر سرطان پیدا کرنے کا باعث بن سکتے ہیں۔
تمباکو نوشی کرنے والوں کی شرح اموات ، تمباکو نوشی نہ کرنے والوں سے 3 گنا زیادہ ہوتی ہے۔ اگرچہ تمباکو نوشی کے اثرات فوری ظاہر نہ بھی ہوں تو اس سے پیدا ہونے ولی پیچیدگیاں اور نقصان سالہا سال تک آپکے ساتھ رہینگے۔ لیکن ایک اچھی خبر یہ بھی ہے کہ اگر آپ تمباکو نوشی چھوڑ دیں تو ان میں سے بیشتر اثرات کو واپس کیا جا سکتا ہے۔ تمباکو کا ایک جزو نیکوٹین ہے جو کے نشہ آور ہے اور اسی کی وجہ سے تمباکو نوشی چھوڑنا انتہائی مشکل ہو جاتا ہے، نیکوٹین سے انسان کے موڈ پر بڑا اثر پڑتا ہے، نیکوٹین انسان کے دماغ میں سیکنڈز میں پہنچ کر انسان کو چست کرتا ہے لیکن تھوڑی ہی دیر میں اسکا اثر زائل ہونے پر انسان تھکاوٹ محسوس کرنے لگتا ہے اور اسکو مزید کی طلب ہونے لگتی ہے۔ اسی وجہ سے اپنے آس پاس کے لوگوں پر خامخواہ غصّہ اور چڑچڑاپن ظاہر کرنے لگتا ہے۔۔ نیکوٹین سے دوری آپکی علمی کام پر اثر انداز ہو سکتی ہے اور اس سے آپ چڑچڑے، مایوس اور اداس محسوس کرنے لگیں گے۔ اور آپکو شدید سر درد اور سونے میں مشکلات بھی پیش آ سکتی ہیں۔
جو دھواں ہم اپنے اندر لے کر جا رہے ہوتے ہیں تمباکو نوشی کے ذریعے وہ براہِ راست ہمارے پھیپھڑوں پر اثر انداز ہوتا ہے جس سے بہت سی سانس کی تکالیف ہو سکتی ہیں۔ اس سے ہمارے پھیپھڑے بری طرح متاثر ہو جاتے ہیں جو وقت کے ساتھ ساتھ بہت سی بیماریوں اور پیچیدگیوں کا باعث بن سکتے ہیں۔
تمباکو نوشی چھوڑنے سے تھوڑے وقت کے لیے سانس میں مسئلہ اور ریشہ پیدا ہونے کی تکالیف ہی سکتی ہیں کیونکہ ہمارے پھیپھڑے خود کو واپس صحتمند حالت میں لے کر کوشش کر رہے ہوتے ہیں۔ تمباکو نوشی چھوڑنے پر زیادہ مقدار میں ریشہ پیدا ہونا اس بات کی نشانی ہوتا ہے کے اب آپ کے پھیپھڑوں نے صحیح طور پر کام کرنا شروع کر دیا ہے۔۔
تمباکو نوشی سے ہمارا قلبی نظام بری طرح سے متاثر ہوتا ہے۔ اس سے ہماری خون کی شریانیں سکڑ جاتی ہیں جس سے جسم میں خون کی روانی متاثر ہوتی ہے۔ اس سے خون کی شریانیں پتلی ہو جاتی ہیں جس سے فشار خون زیادہ ہو جاتا ہے اور اس سے دل کی مختلف بیماریاں ہی سکتی ہیں اور دل کا دورہ پڑنے کے امکانات بہت زیادہ ہو جاتے ہیں۔
ذرا سوچئے ہم اپنے پیاروں کو کتنی تکلیف اور پریشانی سے گزارتے ہیں اپنی ان تمام بیماریوں کی وجہ سے ، جنکو ہم آسانی سے خود سے دور رکھ سکتے ہیں تمباکو نوشی نہ کر کے۔
اسکے ساتھ ساتھ یہ جلد کے کینسر کا بھی باعث بن سکتا ہے۔ اس سے ہمارے ہاتھوں پاؤں کے ناخن بری طرح متاثر ہو سکتے ہیں، اس سے دانتوں اور بالوں پر بھی مختلف قسم کے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
یاد رکھیے صحت اللہ کی دی ہوئی ایک بہت برّی نعمت ہے اسکو ایسی فضول چیزوں میں ضایع مت کریں۔ خود کو اور اپنے آس پاس رہنے والے آپکے پیاروں کو اسکے مضر اثرات سے بچائیں۔ تمباکو نوشی سے پرہیز کریں۔ صحت مند انسان ہی ایک صحت مند معاشرہ بنائے میں فعال ہو سکتے ہیں۔ خود کو صحت مند رکھیے، اپنے گھر والوں کے لیے ، اپنے لئے۔۔
@NiniYmz