کابل: امراللہ صالح کے بھائی افغان طالبان کے حملے میں مارے گئے،اطلاعات کے مطابق افغانستان کے سابق نائب صدر امراللہ صالح کے بھائی روح اللہ صالح ہلاک ہوگئے۔
اہلخانہ کے مطابق طالبان نے امراللہ صالح کے بھائی روح اللہ صالح کو ہلاک کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ طالبان نے گزشتہ روز روح اللہ کو ہلاک کیا اوران کی تدفین کی اجازت نہیں دے رہے۔
دوسری جانب طالبان نے ان کے اہلخانہ کے دعوے کی تردید کی اور کہا کہ روح اللہ صالح کو پنجشیر کی لڑائی کے دوران ہلاک کیا گیا۔
خیال رہے کہ 15 اگست کو طالبان کے کابل پر کنٹرول کے بعد افغانستان کے سابق نائب صدرامراللہ صالح پنجشیر چلے گئے تھے اور طالبان کے خلاف مزاحمتی فورس کے قائدین میں شامل تھے۔
گزشتہ دنوں طالبان نے پنجشیر کے کنٹرول کا اعلان کیا تھا اور دعویٰ کیا تھاکہ امراللہ صالح فرار ہوچکے ہیں۔
ادھر بعض ذرائع نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ شمالی اتحاد وادی پنجشیرمیں نئی قوت کے ساتھ افغان طالبان کے خلاف میدان میں اترنے کی تیاری کررہے ہیں