عمر شریف کی دوران علاج اسپتال سے تصویر وائرل ہونے پر اہلیہ برہم

پاکستان کے لیجنڈ کامیڈین اور سینئر اداکار عمر شریف کی دوران علاج اسپتال سے تصویر وائرل ہونے پر ان کی اہلیہ زرین عمر نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔

دل کے عارضے میں مبتلا لیجنڈ اداکار عمر شریف کی سوشل میڈیا پر اسپتال سے علاج کے دوران لی گئی تصویر وائرل ہورہی ہے۔ تصویر میں عمر شریف اسپتال کے بیڈ پر لیٹے ہوئے ہیں اور بہت کمزور لگ رہے ہیں۔ مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اس تصویر کو شیئر کرواکر عمر شریف کی صحت یابی کے لیے دعا کی درخواست کی جارہی ہے۔

تاہم عمر شریف کی اہلیہ زرین عمر نے اپنے شوہر کی تصویر وائرل ہونے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے فیس بک پر لکھا ’’لوگوں کو اسپتال سے نجی تصاویر شیئر کرتے دیکھنا بہت افسوسناک ہے‘‘۔ انہوں نے لوگوں سے درخواست کی کہ محض چند لائکس اور شیئر کے لیے بغیر تصدیق کے کچھ بھی شیئر نہ کریں۔
زرین عمر نے ایک اچھی خبر بھی شیئر کرتے ہوئے کہا ڈاکٹرز کے مطابق عمر شریف کی طبیعت میں بہتری آرہی ہے۔ وہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں اور وہ ایئر ایمبولینس کے ذریعے سفر کرنے کے قابل ہیں۔

میں زرین عمر ویزا کے جلد عمل کے لیے وفاقی حکومت کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گی۔ اس کے علاوہ انہوں نے ایئرایمبولینس کے اخراجات برداشت کرنے پر سندھ حکومت، بلاول بھٹو زرداری، مرتضیٰ وہاب اور سید مراد علی شاہ کا شکریہ ادا کیا۔
زرین عمر نے عمر شریف کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کرنے اور نیک تمناؤں کا اظہار کرنے والے افراد کا بھی شکریہ اداکیا اور لکھا صرف آپ لوگوں کی دعاؤں کی وجہ سے عمر شریف کی طبیعت میں بہتری آرہی ہے۔

واضح رہے کہ عمر شریف کے بیٹے جواد عمر نے گزشتہ روز بتایا تھا کہ ان کے والد کی طبیعت میں بہتری نہیں آرہی اگر انہیں امریکا نہیں بھیجا گیا تو اوپن ہارٹ سرجری کی طرف جانا ہوگا۔

Comments are closed.