کوئٹہ.گوادرمیں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے چیف سیکرٹری کی صدارت میں اہم فیصلے ،اطلاعات کے مطابق چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا کی زیر صدارت پی ایس ڈی پی2022-2021ء کے ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت، گوادر میں لوگوں کو پینے کے پانی اور صوبے کے ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات حافظ عبد الباسط، سیکرٹری خزانہ عبدالرحمن بزدار سمیت متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔ چیف سیکرٹری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت گوادر کو پانی کی فراہمی کیلئے مختلف منصوبوں پر کام کررہی ہے جن کی تکمیل سے گوادر سمیت جیونی میں پانی کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کے ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی کے لیے تین مہینوں کیلئے بجٹ جلد ریلیز کیا جائے گا تاکہ لوگوں کو ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی میں کوئی تعطل نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں شعبہ ماہی گیری کے فروغ کیلئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں انہوں نے ہدایت کی کہ اگلے اجلاس میں محکمہ ماہی گیری کی ترقی کیلئے جامع منصوبہ بندی کے تحت اقدامات اٹھائے جائیں۔
انہوں نے تمام سیکرٹریز کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیار کے مطابق تکمیل کو یقینی بناتے ہوئے کام کی رفتار کو تیز کیا جائے انہوں نے کہا کہ تمام آفیسرز اپنے محکموں سے متعلقہ ترقیاتی منصوبوں میں دلچسپی لیں اور ان کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کریں۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ ہمارے لیے ایک ایک دن قیمتی ہے اور اس سے فائدہ اٹھانے کیلئے دن رات کام کریں تاکہ صوبے میں ترقی کا عمل مزید تیز ہو سکے۔
انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیار کے مطابق تکمیل سے صوبے کے عوام کی زندگی میں بہتری اور آسا نیاں پیداہوں گی۔ صوبے کے تمام اضلاع کی یکساں ترقی کیلئے ترقیاتی منصوبوں کو معیار کے مطابق پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے جس سے عوامی مشکلات میں کمی اور صوبہ ترقی کی راہ پر گا مزن ہوگا۔