اسلام آباد: دوسرا قومی احتساب ترمیمی آرڈیننس 2021 جاری:کس کس پرہوگا بھاری :تفصیلات آگئیں،اطلاعات کے مطابق صدر مملکت نے قومی احتساب دوسرا ترمیمی آرڈیننس 2021 جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان نے دوسرا ترمیمی نیب آرڈیننس جاری کر دیا، جو فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔
ترمیمی آرڈیننس کے مندرجات کے مطابق صدر اب جتنی چاہیں ملک میں احتساب عدالتیں قائم کر سکتے ہیں، صدر مملکت متعلقہ چیف جسٹس ہائیکورٹ کی مشاورت سے ججز مقرر کریں گے، اور احتساب عدالتوں کے ججز کا تقرر 3 سال کے لیے ہوگا۔
آرڈیننس کے مطابق صدر مملکت چیئرمین نیب کا تقرر وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر کی مشاورت سے کریں گے، اتفاق رائے نہ ہونے پر صدر مملکت چیئرمین نیب کا معاملہ پارلیمانی کمیٹی کو بھجوائیں گے، پارلیمانی کمیٹی میں 12 ارکان شامل ہوں گے جو اتفاق رائے پیدا کریں گے۔
نئے چیئرمین نیب کی مدت ملازمت 4 سال ہوگی، نئے چیئرمین کے تقرر تک موجودہ چیئرمین نیب کام جاری رکھیں گے، 4 سال مکمل ہونے پر آئندہ 4 سال کے لیے بھی چیئرمین نیب کی تعیناتی ہوگی، دوبارہ تعیناتی کے لیے تقرری کا طریقہ کار وہی اختیار کیا جائے گا۔
آرڈیننس کے مطابق چیئرمین نیب کو سپریم کورٹ کے ججز کی طرح ہی ہٹایا جا سکے گا، چیئرمین نیب اپنا استعفیٰ صدر مملکت کو بھجوائیں گے۔ایڈیشنل سیشن جج بھی احتساب عدالت کے جج بن سکیں گے، ملزم کی ضمانت کا اختیار بھی ٹرائل کورٹ کے پاس ہوگا۔
واضح رہے کہ دوسرا قومی احتساب ترمیمی آرڈیننس 2021 فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔