سندھ ہائی کورٹ میں سرکاری وکیل نے اعتراف کیا ہے کہ کرونا کے دوران لاک ڈاؤن میں کچھ اسکولز نے اضافی فیس وصول کی ہے اور ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

پیر کو سندھ ہائیکورٹ میں کرونا وبا کے دوران اسکول کی اضافی فیس وصولی کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔

سرکاری وکیل کی جانب سے اضافی وصولی کا اعتراف کیا گیا۔ اضافی فیس وصول کرنے والے اسکولز کے خلاف کارروائی کی استدعا بھی کی گئی۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اس معاملے کی تحقیقات اور کارروائی کے لیے محکمہ تعلیم سے افسر تعینات کیا جائے گا، وزیراعلیٰ سندھ کو کارروائی کے لئے سمری ارسال کردی گئی ہے،سمری کی منظوری کے بعد اضافی فیس وصولی کے خلاف کارروائی شروع ہوگی۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ حکومت سندھ نے کرونا وبا کے دوران 20 فیصد کمی کا حکم دیا تھا۔ کئی اسکولز اضافی فیس وصول کرچکے ہیں۔سرکاری وکیل کی جانب سے مزید مہلت طلب کرلی گئی۔ عدالت نے پیشرفت رپورٹ طلب کرتےہوئے سماعت 3 ہفتے تک ملتوی کردی ہے۔

Shares: