حضرت محمد ﷺ کااسوہ حسنہ پوری عالم انسانیت کے لیے مشعل راہ ہے، اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی

0
41

اسلام آباد: خاتم النبین حضرت محمد ﷺ کی اسوہ حسنہ پوری عالم انسانیت کے لیے مشعل راہ ہے، اطلاعات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ خاتم النبین حضرت محمد ﷺ کے اسوہ حسنہ پوری کائنات کے لیے مشعل راہ ہے، جس پر عمل پیرا ہو کر ہم دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خاتم النبین حضرت محمد ﷺ کی بعثت تمام انسانیت کے لیے رحمت ہے، جس نے انسانیت کو جہالت کے اندھیرے سے نکال کر رشد و ہدایت کا راستہ دکھایا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر کیا جو بارہ ربیع الاول 1443 منگل کے روز پوری دنیا میں نہایت عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔

اس موقعہ پر سپیکر نے کہا کہ آپ ﷺ کی سیرت تمام انسانیت کے لیے رشد و ہدایت کا سرچشمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ ﷺ کی سنتوں پر عمل پیرا ہو کر ہم اپنی تمام مشکلات کا حل ڈھونڈ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خاتم النبیین حضرت محمد ﷺ کا اسوہ حسنہ عدل وانصاف، سچائی بقائے باہمی، انسانیت سے ہمدردی،صبر و برداشت اور امن ومحبت کی بہترین مثال ہے۔

اسپیکر نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی طرف سے رحمت اللِلعالمین اتھارٹی کا قیام نہایت احسن اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اتھارٹی کے قیام سے نوجوان نسل کو سیرت خاتم النبین حضرت محمد ﷺ سے روشناس کرانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سال ربیع الاول کو عشرہ رحمت اللِلعالمین کے طور پر منایا جا رہا ہے تاکہ حضور خاتم النبین حضرت محمد ﷺ کے پیغام کو پوری دنیا میں پھلایا جا سکے۔

اسپیکر نے کہا کہ خاتم النبیین حضور ﷺ کا اُمتی ہونا ہمارے لیے اللہ تعالی کا احسان عظیم ہے،جس کا جتنا بھی شکر ادا کیا جائے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ ﷺ کی حیات طیبہ مینار نور ہے اور زندگی کے ہر شعبے میں انسانیت کے لیے مشعل راہ ہے اور قیامت تک آنے والے بنی نوع انسان کی رہنمائی کرتی رہے گی۔ انہوں نے اسلام و فوبیا کے تدارک کے لیے مسلم ممالک کو آپس میں روابط قائم کرنے اور مل کر کام کرنے پر زور دیا۔

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ آپ ﷺ انتہائی اعلیٰ اخلاق و اوصاف کے مالک تھے اور آپ ﷺ نے پاکیزہ سیرت اور ذاتی عمل کے ذریعے انتہائی قلیل عرصہ میں لوگوں کی زندگیوں میں تبدیلی لا کر دنیا میں ایک انقلاب برپا کیا اور ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے ایک مکمل ضابطہ اخلاق دیا۔

ڈپٹی اسپیکر نے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے رحمت اللِلعالمین اتھارٹی کے قیام کو سراہتے ہوے کہا کہ یہ اتھارٹی نوجوان نسل کو سیرت خاتم النبین حضرت محمد ﷺ کو صحیح اسلوب پر سمجھنے میں مدد ملے گی۔

Leave a reply