وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گِل کا کہنا ہےکہ خاتون اول پر بنا سوچے سمجھے حملے کیے جاتے ہیں مریم صفدر چند صحافیوں کےساتھ مل کر شر پھیلا رہی ہیں ۔

باغی ٹی وی : شہباز گل کا کہنا تھا کہ خاتون اول پر بغیر سوچے سمجھے حملےکیے جاتے ہیں، بشریٰ بی بی سب سے پہلے پاکستان کی بیٹی پھرکسی کی ماں اور بیوی ہیں،کلثوم نواز نے بھی سیاست میں حصہ لیا ، پی ٹی آئی نے ان کی ذات پر ایک جملہ نہیں کہا شہباز شریف کی فیملی کے خلاف کبھی بات نہیں کی۔

معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ عمران خان کسی کو مٹھائی دے کر یا گھٹنوں کو ہاتھ لگا کر نہیں بلکہ عوام کے ووٹ سے وزیراعظم بنے ہیں عمران خان اچھے لگتے ہیں یا برے لگتے ہیں آپ اس پر سیاست کریں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ اختلاف ہے تو تنقید کریں۔

شہباز گل نے کہا کہ عمران خان بارش اور آندھی میں کنٹینرپر کھڑے ہوکر تقاریر کیا کرتے تھے، وہ محنت کرکے وزیراعظم بنے ہیں عمران خان ٹارگٹڈ سبسڈی لا رہے ہیں، پیٹرول کی قیمت میں پوری دنیا میں 113 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ پاکستان میں صرف 17 فیصد بڑھا ہے چین میں بھی مہنگائی کا 36 سالہ ریکارڈ ٹوٹا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی میں اضافے کی وجہ سے عوام تکلیف میں ہیں لیکن اخلاقی گراوٹ پر بات کرنا بہت ضروری ہے انہوں نے شہباز شریف کی بیٹیوں کو اپنی بہنیں قرار دیتے ہوئے کہا کہ خاتون اول پر بار بار حملہ کیا جاتا ہے۔

شہباز گل نے کہا کہ جب خاتون اول پر بات کی جاتی ہے تو سوچیں ان کے بچے کیا محسوس کرتے ہوں گے؟ انہوں نے کہا کہ عاصمہ شیرازی کے پاس کوئی ثبوت ہے تو آپ کو خبر دینے کا پورا حق ہے لیکن اپنی خواہشات کے مطابق خبریں نہیں کرنی چاہئیں انہوں نے استفسار کیا کہ جب لوگوں کی ماؤں و بہنوں پر بات کی جاتی ہے تو اس وقت صحافت کہاں جاتی ہے؟

شہبازگل نے کہا کہ جب وزیراعظم کی فیملی کو گالیاں دی جائیں گی تو لوگ سوشل میڈیا پر جواب بھی دیں گے، گالی گلوچ کوئی صحافت نہیں ہےعاصمہ شیرازی کو ہر چیز کا جواب دینا ہوگا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی شہبازگل نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاست کرنی ہے تو کابینہ اور وزیراعظم موجود ہیں، کریں سیاست لیکن سیاست کو سیاست رہنے دیں گند نہ بنائیں۔

شہباز گل نے کہا کہ مانتے ہیں کہ مہنگائی ہے اور عوام مہنگائی سے تنگ بھی ہیں اور یہ بھی تسلیم کرتے ہیں کہ کوئی دودھ کی نہریں نہیں بہہ رہی ہیں مگر یہ مہنگائی صرف پاکستان میں نہیں ہے بلکہ پوری دنیا میں مہنگائی ہوئی ہے۔

شہباز گل نے کہا کہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں اور تاریخ میں پہلی بار ایکسپورٹ 30 بلین کو کراس کرنے جا رہی ہے۔

Shares: