آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن سندھ و سجن یونین (سی بی ای) کے ایم سی کے صدر سید ذوالفقار شاہ نے دیوالی سے قبل ہندو ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنانے کیلئے صوبائی وزیربلدیات سید ناصر حسین شاہ سے ملاقات کی اور انہیں بتایا کہ دنیا بھر میں ہندو قوم 4 نومبر کو دیوالی کا تہوار منارہی ہے۔
اس موقع پر بلدیاتی ہندو ملازمین کو قبل از وقت تنخواہیں ادا کی جائیں۔
وزیربلدیات ناصر حسین شاہ نے سیکریٹری لوکل گورنمنٹ کو فوری طور پر ہدایت جاری کی کہ دیوالی سے قبل ہندو ملازمین کو تنخواہیں جاری کی جائیں تاکہ وہ اپنے اہلخانہ کے ہمراہ دیوالی کا تہوار مناسکیں۔ اس موقع پر ناصر حسین شاہ نے سید ذوالفقار شاہ نے یقین دہانی کروائی کہ بلدیاتی ملازمین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے اور شکایات کا ازالہ کیا جائے گا۔
اس موقع پر وزیربلدیات نے میٹروپولیٹن کمشنر کے ایم سی افضل زیدی کو ہدایت دی کہ وہ بلدیاتی ملازمین کے مسائل فوری حل کریں۔ ہندو ملازمین کی تنخواہوں، پنشن کا معاملہ بھی حل کیا جائے گا۔ سید ذوالفقار شاہ نے ان کا مسائل حل کرنے کی ہدایت جاری کرنے پر شکرہ ادا کیا۔