اسلام آباد:دسمبر کے مہینے میں دما دم مست قلندر ہوگا:مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں فیصلہ ہوگیا ،اطلاعات کے مطابق پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے فیصلہ کیا ہے کہ دسمبر میں لانگ مارچ کیا جائے گا۔
ملک بھر میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کیخلاف احتجاج کی عملی پر غور کے لیے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں شامل جماعتوں کا اجلاس جاری ہے،
ذرائع کے مطابق اجلاس کی سربراہی حکومت مخالف اتحاد کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کر رہے ہیں جبکہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کی قیادت ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہے۔
اجلاس کے دوران پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد، پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف ، پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدرمریم نواز، محمود اچکزئی، سردار اختر مینگل اور آفتاب شیرپائو شریک ہیں۔
اجلاس میں 10 نومبر کو ہونے والے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے حوالے سے حکمت عملی پر غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ تمام صوبوں میں مہنگائی کیخلاف احتجاج کیا جائے گا جبکہ اس بھرپور احتجاج کے بعد لانگ مارچ ہو گا۔ یہ لانگ مارچ دسمبر میں ہو سکتا ہے تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ چند روز قبل وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنا ناگزیر ہے ورنہ خسارہ بڑھ جائے گا۔
خطاب کے ایک روز کے بعد وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر دیا، پٹرول فی لٹر کی قیمت میں 8 روپے سے زائد کا اضافہ دیکھا گیا تھا۔