وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومتی اقدامات کی بدولت آئندہ دو سے تین ہفتوں میں چینی کی قیمتیں تیزی سے نیچے آئیں گی-

باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے پنجاب میں 15 نومبر تک جو شوگر مل نہیں چلے گی اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حماد اظہر نے کہا کہ رواں سال ایک مرتبہ پھر سندھ میں گنے کی کرشنگ میں تاخیر کی جا رہی ہے، سندھ میں شوگر ملیں 15 اکتوبر تک چل جاتی ہیں لیکن ابھی تک وہ شوگر ملیں نہیں چلیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس سندھ کی ان شوگر ملز کی تفصیلات موجود ہیں جنہوں نے بوائلر چلا کر پھر بند کر دیا، بوائلر کو سازش کے تحت بند کرایا گیا، سندھ کی شوگر ملیں چل رہی ہوں تو چینی کی قیمت نہیں بڑھے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی سازش میں عوام پس رہے ہیں، سندھ میں شوگر ملوں کا نہ چلنا حکومت سندھ اور شوگر ملز ایسوسی ایشن سندھ زون کا گٹھ جوڑ اور وفاقی حکومت کے خلاف سیاسی سازش ہے، سندھ حکومت سازش بے شک کرے لیکن عوام کو اس سے تکلیف نہیں پہنچنی چاہیے، ہمارا سوال ہے کہ 15 اکتوبر تک سندھ میں جو شوگر ملیں چل جاتی تھیں وہ اب تک کیوں نہیں چلیں اور بوائلر چلا کر کیوں بند کر دی گئیں۔

دوسری جانب وفاقی حکومت نے سندھ کی شوگر ملز کے خلاف 15 نومبر سے کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں چینی کے مکمل اسٹاک کو مارکیٹ میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پرائس کنٹرول سے متعلق اجلاس ہوا۔ اجلاس میں چینی کے اسٹاک اور قیمتوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی تھی اجلاس میں ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا گیا اور چینی کے مکمل اسٹاک کو مارکیٹ میں لانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

15 نومبر سے ملک بھر میں گنے کی کرشنگ کے آغاز کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور کرشنگ قوانین پر سختی سے عمل یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پنجاب رجسٹریشن آف گودام ایکٹ 2014 پرعمل یقینی بنایا جائے۔ منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں پریس کانفرنس کرتےہوئے شہباز گل نے چینی بحران کو سندھ حکومت کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ سندھ حکومت نے تین شوگر ملز کو سازش کے تحت بند کر کے چینی بحران پیدا کیا ، گنے کی بمپر کروپ کے باعث کرشنگ پہلے شروع کرنی چاہئے تھی-

انہوں نے کہا تھا کہ اکتوبر میں سندھ میں شوگر ملز چلنا شروع ہوتی ہیں ، 3 شوگر ملز چلیں جن کو سازش کے تحت بند کر دیا گیا، سندھ حکومت سستا سیاسی فائدہ حاصل کرنے کیلئے ملز بند کروا رہی ہےسندھ حکومت نے ملک دشمنی کرنے کی کوشش کی ہے،سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے لیے سندھ حکومت نے یہ کام کیا۔عوام کو ان ساری باتوں کو پتہ چل رہا ہے-

شہباز گل کا کہنا تھا کہ چینی مافیا نے جولائی میں اعلیٰ عدالت سے سٹے آرڈر لیا ، یہ مہنگے وکیل کر کے سٹے آرڈر لےکر حکومت کے ہاتھ باندھ دیتے ہیں،عدالتوں سے درخواست ہے جہاں غریب پس رہا ہو وہاں سٹے آرڈر نہ دیں،سٹے آرڈر سے حکومت کے ہاتھ بندھ جاتے ہیں،عمران خان کیسے غریب کی مدد کریں؟ طاقتور مافیا نے عدالتوں سے سٹے آرڈر لے رکھے ہیں –

ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شہباز گل کی پریس کانفرنس پر فوری رد عمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ وفاق کے ترجمان نے تمام مسائل کا ذمہ دار پاکستان پیپلزپارٹی کو قرار دیا ہے ، یہ ترجمان بتادیں کون سی شوگر ملز ہیں جنہیں سندھ حکومت نے بند کرایا ہے ،نام بتا دیں وہ کون سی شوگر ملز ہیں ہم خود وہاں جاکر چیک کریں گے۔

مرتضی وہاب نے کہا تھا کہ خیبر پختونخوا میں 160روپے چینی مل رہی ہے، خیبرپختونخوا میں چینی مہنگی ملنے کا الزام بھی پیپلزپارٹی پر لگایا جارہا ہے، پنجاب میں 46 شوگر ملز ہیں،7 خیبرپختونخوا میں آپریٹ ہوتی ہیں،میرا سوال ہے پنجاب کے تمام شوگر ملز چل رہی ہیں؟، کیا خسرو بختاور ، مونس الٰہی کی شوگر ملیں چل رہی ہیں ۔

Shares: