کراچی : کورنگی میں مکینک کی دکان میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہو گئے ۔
تفصیلات کے مطابق عوامی کالونی تھانے کی حدود کورنگی سیکٹر ساڑھے پانچ سی ایریا میں واقع مکینک کی دکان میں موٹر سائیکل سوار دو ملزمان داخل ہوئے اور فائرنگ کر دی جسکے نتیجے میں وہاں موجود دونوں افراد گولی لگنے سے جاں بحق ہو گئے،واقعہ کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو ادارے کی ایمبولینسیں موقع پر پہنچیں اور لاشوں کو جناح اسپتال منتقل کیا جہاں ایک مقتول کی شناخت 35 سالہ خرم کے نام سے ہوئی جبکہ دوسرے شخص کی عمر 45 سے 50 برس ہے تاہم فوری طور پر اسکی شناخت نہیں ہو سکی۔
ایس ایچ او صفدر مشوانی کے مطابق مکینک کی دکان پر ایک شخص موٹر سائیکل ٹھیک کروا رہا تھا،مذکورہ شخص معذور تھا اور اسکی ایک ٹانگ مصنوعی لگی ہوئی ہے،وہ دکان کے اندر گیا تو اس دوران موٹر سائیکل پر آنے والے دو مسلح ملزمان نے اس شخص پر فائرنگ کی، فائرنگ کی زد میں دکاندار بھی آیا،دکاندار کی شناخت خرم کے نام سے ہوئی ہے،دونوں افراد کو ایک ایک گولی لگی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ ملزمان اسی شخص کو مارنے آئے تھے جو موٹر سائیکل کا کام کروانے آیا تھا جبکہ دکاندار فائرنگ کی زد میں آ گیا،ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ واقعہ دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے تاہم تفتیش کے بعد ہی اصل صورتحال واضح ہو گی ۔








