مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی طرف سے نہتے کشمیریوں پر اندھا دھند فائرنگ اور انہیں گولیوں کا نشانہ بنانے سے 6 کشمیری شہید اور ایک سو سے زائد زخمی ہو گئے ہیں،

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے مظاہرین کے سینے او رچہروں کے نشانے لے کر پیلٹ گن کے چھرے بھی برسائے جاتے رہے جس سے کئی کشمیریوں کی آنکھوں اور چہرے پر پیلٹ کے چھرے لگے ہیں اوران کی بینائی متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔ بھارتی فوج کی جانب سے سڑکوں پر نکلنے والے مظاہرین پر مہلک ہتھیار استعمال کئے جارہے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں احتجاج کو روکنے کے لیے ٹی وی چینلز، ٹیلی فون اور انٹرنیٹ سروس گزشتہ روز بھی معطل رہی جس سے بدھ کے دن بھی کئی اخبارات نہیں چھپ سکے،

رپورٹ کے مطابق مقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اقدام کیخلاف مقبوضہ کشمیر میں بدھ کے دن بھی زبردست احتجاج کا سلسلہ جاری۔ اس دوران ہزاروں کشمیریوں نے کرفیو کی پابندیاں توڑ کر سری نگر،پلوامہ،بارہ مولہ، شوپیاں، اسلام آباد(اننت ناگ) اوردیگر علاقوں میں سڑکوں پرنکل کر شدید احتجاج کیا۔ قابض انتظامیہ نے موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند رکھی۔ تعلیمی ادارے بھی بند رہے۔ احتجاجی مظاہروں کے دوران بھارتی فوج اور کشمیری مظاہرین کے درمیان جگہ جگہ جھڑپیں ہوئی ہیں،

بھارتی فوج اور سی آر پی ایف کی جانب سے نہتے کشمیریوں کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا گیا ہے۔ بھارتی فورسز کی جانب سے نہتے کشمیریوں پرکی جانے والی اندھا دھند فائرنگ، لاٹھی چارج، آنسو گیس کی شیلنگ اور پیلٹ گن کے استعمال سے 6 کشمیری شہید ایک سو سے زائد کشمیری زخمی ہوئے ہیں۔ نہتے کشمیریوں کی جانب سے پاکستانی پرچم بھی لہرائے جاتے رہے اور اسلام، آزادی اور پاکستان کے حق میں زوردار نعرے لگائے گئے۔ آخری اطلاعات آنے تک کشمیر کے مختلف علاقوں میں زبردست احتجاج کا سلسلہ جاری تھا۔ بھارتی قابض انتظامیہ نے اس وقت پوری حریت قیادت حتیٰ کہ بھارت نواز سیاستدانوں کو بھی نظربند کر رکھا ہے۔

Shares: