کراچی : محمد ثروت اعجاز قادری وفد کے ہمراہ پی ایس پی کے آفس پاکستان ہاؤس پہنچ گئے ۔
سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری پی ایس پی کے چیئرمین سید مصطفی کمال کے چھوٹے بھائی مصطفی جمال کے انتقال پر تعزیت کیلئے وفد کے ہمراہ پاکستان ہائوس پہنچ گئے، ثروت اعجاز قادری نے پی ایس پی کے چیئرمین مصطفی کمال سے ان کے بھائی کے انتقال پر تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کے بعد دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی بے حساب مغفرت فرمائے اور جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے آمین، اس موقع پر ان کے ہمراہ اراکین رابطہ کمیٹی فہیم الدین شیخ، محمد آفتاب قادری، محمد طیب قادری، علامہ عنصر قادری، علامہ محمود قادری بھی موجود تھے، جبکہ اس موقع پر پی ایس پی کے صدر انیس قائم خانی ،وائس چیئرمین ارشد وہرہ، شمشاد صدیقی، فرحان انصاری و دیگر موجود تھے ، اس موقع پر پی ایس پی کے چیئرمین مصطفی کمال نے کہا کہ کراچی کے ساتھ ظلم کے خلاف سب کو کام کرنا ہوگا اور موجودہ بلدیاتی بل ایکٹ کے سلسلے میں سب جماعتوں سے رابطوں کاسلسلہ شروع کرینگے، اس موقع پر سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ کراچی سمیت صوبے بھر میں بلاتفریق نظام کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے سندھ دھرتی ہماری ماں ہے اس کی تعمیر و ترقی میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ کو برداشت نہیں کرینگے، کراچی سندھ کا ہی نہیں پاکستان کا معاشی حب ہے ، لوکل گورنمنٹ کے اداروں کے پاس ذرائع آمدنی نہیں ہوگی تو پھر گلی محلوں میں صفائی ستھرائی ، سڑکوں کی تعمیر وغیرہ کے کام کیسے کرینگے، 18ویں ترمیم کی آڑ میں کسی کو بھی شہری حکومت کے حقوق غصب کرنے نہیں دینگے ، کیونکہ اس سے براہ راست عوام متاثر ہوتی ہے۔








