شاہد خاقان عباسی نے آئی ایم ایف کی شرائط منظر عام پر لانے کا مطالبہ کر دیا
سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی شرائط عوام کے سامنے رکھی جائیں،شرح سود میں ڈیڑھ فیصد اضافے سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوگا
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ آج اگر میاں نواز شریف جیل میں ہیں تو اپنے بیانیے کی وجہ سے ہیں. آج نیب کی حقیقت عوام کے سامنے آ گئی ہے. آل پارٹیز کانفرنس فیصلہ کرے گی کہ سڑکوں پر آنا ہے یا نہیں. ہمارا ہدف حکومت توڑنے اور اقتدار کا نہیں ہے. ہمارا ہدف عوام کے مسائل کا حل ہے.
شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ ہمارا کل بھی تھا اور آج بھی ہے. حکومت اگر سچ نہیں بول سکتی تو جھوٹ بھی مت بولے. آج ہر شخص کہتا ہے کہ نیب کا عمل انتقامی ہے احتساب کا نہیں. حکمران اگر منہ بند رکھتے تو معیشت کا یہ حال نہ ہوتا،آج بھی یہی مشورہ دیتا ہوں. حکومت گری ہوئی ہے اس کو گرانا مقصود نہیں،اصل مسئلہ عوام کے مسائل کا ہے.
انہوں نے کہاکہ عوام کے مسائل کا حل حکومت کو گرانے میں ہے تو فیصلہ اے پی سی کرے گی.