سعودی خبر ایجنسی ایس پی اے کے مطابق پراجیکٹ کا تخمینہ لاگت 75 ارب ریال ہے۔ 57 لاکھ مربع میٹر کے علاقے کو پبلک انویسٹمنٹ فنڈ اور سعودی و غیرملکی سرمایہ کاروں کی فنڈنگ سے جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔

ولی عہد محمد بن سلمان نے جدہ ڈاؤن ٹاؤن منصوبے کے ماسٹر پلان کا اعلان مملکت کے تمام علاقوں اور شہروں کو ترقی دینے اور سعودی ویژن 2030 کے اہداف کی تکمیل کیلیے کیا ہے۔

سعودی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ اس جدید جدہ ڈاؤن ٹاؤن منصوبے سے سعودی معیشت کو 2030 تک سالانہ 47 ارب ریال کی آمدنی ہوگی۔جدہ ڈاؤن ٹاؤن کے ماسٹر پلان کی تیاری میں 500 سے زیادہ انجینیئرز اور کنسلٹنٹ شریک ہوئے ہیں۔

جدہ پراجیکٹ 4 بڑے عالمی اور قابل دید مقامات پر مشتمل ہوگا جس میں اوپرا ہاؤس، میوزیم، اسٹیڈیم اور اوشن بیسن اینڈ کورل فارمز بھی تعمیر کیے جائیں گے۔

جدہ ڈاؤن ٹاؤن پراجیکٹ کے منصوبوں پر عملدرآمد سے شہر میں جدید طرز کے رہائشی علاقے تیار ہوں گے۔ 17 ہزار مکانات اور مختلف درجوں کے ہوٹل بھی تعمیر کیے جائیں گے۔

جدہ ڈاؤن ٹاؤن منصوبے کے تحت عالمی خصوصیات کی حامل بندرگاہ اور دس پرکشش سیاحتی و تفریحی مقامات بھی بنائے جائیں گے۔

ہوٹلوں، ریستورانوں، ملکی و بین الاقوامی قہوہ خانوں کی ایک چین بھی تعمیر کی جائے گی۔ منصوبے کی مارکیٹنگ کی مختلف سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔