کرک: خیبر پختونخوا میں بلدیاتی الیکشن کیلئے پولنگ کا وقت ختم:گنتی شروع ،اطلاعات کے مطابق خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات میں پولنگ کا وقت ختم ہوگیا ہے اورگنتی شروع ہوچکی ہے ،

یاد رہے کہ آج صبح سے صوبے میں اکثروبیشتر مقامات پر لڑائی جھگڑوں میں کئی افراد مارے گئے اور درجنوں زخمی ہسپتالوں میں پہنچ چکے ہیں ، ادھر خیبر پختونخوا میں بلدیاتی الیکشن کیلئے پولنگ کے دوران کئی مقامات پر کارکنوں میں جھگڑا ہوا، ایک دوسرے پر دھاندلی کے الزامات بھی لگائے گئے، خیبر میں پولنگ سٹیشن پر فائرنگ اور توڑ پھوڑ کی گئی۔ کرک میں پولنگ سٹیشن پر جھگڑے کے دوران فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق، 4 زخمی ہو گئے۔

خیبرپختونخوا بلدیاتی الیکشن، کئی مقامات پر کارکن آمنے سامنے آگئے۔ کچھ پولنگ سٹیشنز پر جھگڑوں کےباعث ووٹنگ بھی روکی گئی۔ پشاور کی تحصیل شاہ عالم میں خواتین کے پولنگ سٹیشن پر جھگڑا ہوا۔ کاکشال اور واحد گڑھی میں بھی ہنگامہ آرائی ہوئی، امیدوار ایک دوسرے پر دھاندلی کا الزام لگاتے رہے۔ پشتخرہ میں خواتین کے پولنگ سٹیشن میں مرد کی موجودگی پر ہنگامہ آرئی ہوئی، پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔

خیبر پختونخواہ کے ضلع کرک میں پولنگ کے دوران نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پی ٹی آئی ایم این اے شاہد خٹک کے قریبی رشتے دار اور ذاتی محافظ جاں بحق ہوگیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ پولنگ کے دوران حدہ بانڈہ میں پیش آیا، فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ چھ زخمی ہوئے، جاں بحق افراد کی شناخت عابد علی اور نجات کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد پی ٹی آئی کر رکن قومی اسمبلی شاہد خٹک کے کزن تھے جبکہ نجات پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی کا ذاتی محافظ بھی تھا، فائرنگ سے چھ دیگر افراد زخمی بھی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لئے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ہائی اسکول تخت نصرتی کے قریب پیش آیا، افسوسناک واقعے کے بعد پولنگ کا عمل روک دیا گیا ہے جبکہ سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لیکر آپریشن شروع کردیا ہے۔

واضح رہے کہ کے پی میں بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں آج ووٹنگ کا عمل جاری ہے، ووٹنگ کے آغاز سے ہی مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکنان کے درمیان سخت نعرے بازی، دھکم پیل کے واقعات رونما ہورہے تھے۔

تاہم جوں جوں پولنگ ختم ہونے کا وقت قریب آیا، سیاسی کارکنان کے درمیان نوک جھونک کا سلسلہ تیز ہوتا چلا گیا ہے، کئی پولیس اسٹیشنز پر پولیس نے کارکنان کو منشتر کرنے کے لئے ہوائی فائرنگ بھی کی ہے۔

خیبر پختونخوا کے 17اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کیلئے میدان سج گیا، پولنگ صبح 8 بجے سے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفہ کے جاری رہے گی۔ بنوں کی تحصیل بکاخیل میں امن وامان کی خراب صورتحال کے سبب انتخابات ملتوی کر دیئے گئے، دیگر علاقوں میں بھی بدنظمی کے واقعات پیش آئے۔

صوبے کے اضلاع جن میں پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، خیبر، مہمند، مردان، صوابی، کوہاٹ، کرک، ہنگو، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، ہری پور، بونیر اور باجوڑ شامل ہیں جہاں پر مجموعی طور پر ایک کروڑ 26 لاکھ 68 ہزار 862 ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ ان انتخابات کے لئے کُل 9223 پولنگ اسٹیشن اور کل 28892پولنگ بوتھ بنائے گئے تھے، جن میں 4188پولنگ اسٹیشن حساس اور 2507زیادہ حساس قرار دئے گئے ہیں، اس حوالہ سے سیکورٹی کے مناسب انتظامات کئے گئے ہیں۔

Shares: