لاہور:لاہورقلندرزاوریارکشائرکاؤنٹی کے درمیان شراکت داری کا معاہدہ:پاکستان کرکٹ پھلنے پھولنے لگی ،اطلاعات کے مطابق لاہورقلندرز اور انگلش کاؤنٹی کرکٹ کلب یارکشائر کے درمیان شراکت داری کا معاہدہ طے پاگیا۔
لاہور قلندرز اور یارکشائر کاؤنٹی کے درمیان انٹر نیشنل کھلاڑیوں کا تبادلہ ہوگا، یارکشائر کاؤنٹی کے نوجوان کھلاڑی اسکالر شپ کے تحت لاہور میں قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر استعمال کریں گے جبکہ لاہور قلندرز کے کرکٹرز بھی یارکشائر میں ٹریننگ کر سکیں گے۔
نئی پارٹنر شپ کے تحت لاہور قلندرز کے فاسٹ بولرز یارکشائر کاؤنٹی کے اوورسیز پلیئرز ہوں گے۔لاہور قلندرز اور یارکشائر کاؤنٹی کے درمیان دوستانہ میچ 16 جنوری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہو گا۔لاہور قلندرز کے فاسٹ بولر حارث رؤف یارکشائر کاونٹی کے اورسیز پلیئر ہوں گے۔
اس حوالے سے عبوری منیجنگ ڈائریکٹر یارکشائر کرکٹ ڈیرن گف کا کہنا تھا کہ باصلاحیت فاسٹ بولر حارث رؤف کو اپنے کلب میں خوش آمدید کہنے پر خوشی ہو رہی ہے ، شراکت داری کے معاہدے سے ایک دوسرے تک رسائی کا موقع ملے گا۔
سی ای او لاہور قلندرز ثمین رانا کا کہنا تھاکہ اس پروگرام سے دونوں کلبز کی کامیابی پر مثبت اثر پڑے گا جبکہ ڈائریکٹر عاقب جاوید نے کہا کہ لاہور قلندرز دنیا بھر کے کلبز کے ساتھ اسی طرح کام جاری رکھے گی۔
ادھر پاکستان کے ٹیسٹ کرکٹر عابد علی کی دوران میچ طبیعت خراب ہونے کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا بیان سامنے آیا ہے۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز نے عابد علی میں ایکیوٹ کرونری سنڈروم کی تشخیص کی ہے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ عابد علی امراض قلب کے اسپتال میں زیرعلاج ہیں اور پی سی بی ان کے ڈاکٹرز سے مکمل رابطے میں ہے۔بورڈ کے مطابق عابد علی کی حالت پہلے سے بہتر ہے۔
خیال رہے کہ کراچی کے یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں قائداعظم ٹرافی میں خیبرپختونخوا اور سینٹرل پنجاب کے درمیان میچ جاری تھا کہ اس دوران عابد علی کو سینے میں تکلیف ہوئی۔
ٹیسٹ کرکٹر عابد علی کو میچ کے دوران بیٹنگ کرتے ہوئے سینے میں تکلیف ہوئی جس کےباعث انہیں فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کرنا پڑا۔عابد علی قائداعظم ٹرافی میں سینٹرل پنجاب کی نمائندگی کررہے ہیں۔








