پی سی بی نے پی ٹی وی اور اے آر وائے کے کنسوریشم سے تاریخی معاہدہ کرلیا

پی سی بی نے پی ٹی وی اور اے آر وائے کے کنسوریشم سے تاریخی معاہدہ کرلیا

پاکستان میں بسنے والے کرکٹ شائقین ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے سیزن 2022 اور 2023 کا ایڈیشن پی ٹی وی اسپورٹس اور اے اسپورٹس پر براہ راست ملاحظہ فرمائیں گے کیونکہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے سیزن 2022 اور 2023 کے نشریاتی حقوق کے لیے پی ٹی وی اور اے آروائے کے کنسوریشم سے تاریخی معاہدہ کرلیا ہے۔

دونوں فریقین نے لاہور میں واقع پی سی بی ہیڈکوارٹرز میں معاہدے پر دستخط کیے۔اس کنسورشیم نےٹی وی براڈکاسٹ رائٹس کے لیے سب سے زیادہ، 4350786786 روپے کی بولی لگا کر نشریاتی حقوق حاصل کیے، جو گزشتہ سائیکل کے مقابلے میں 50 فیصد زائد کی بولی ہے۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ نے کہا کہ وہ اس تاریخی معاہدے پر پی ٹی وی ، اے آروائے اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل ہماری قومی شناخت بن چکی ہے، جو شائقین کرکٹ کو تیزی سے اپنی طرف راغب کررہی ہے۔ شائقین کرکٹ بھی لیگ کے میچز دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کرکے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے برانڈ کے لیے اپنی غیر مشروط حمایت کا اظہار کرتے ہیں۔رمیز راجہ نے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل نہ صرف پاکستان کے شائقین میں بلکہ غیر ملکیوں میں بھی مقبول ہے، جہاں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شائقین ِکرکٹ اس لیگ سے محظوظ ہوتے ہیں۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا ہے کہ یہ لمحہ مثالی ہے کیونکہ یہاں ہم نے ٹی وی رائٹس کے فروخت کے لیے بے مثال قیمت حاصل کی ہے، جس سے واضح ہوتا ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کتنا بڑا برانڈ بن چکا ہے ۔

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کا ساتواں ایڈیشن 27 جنوری سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا۔ ایونٹ کا فائنل 27 فروری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

Comments are closed.