*سرگودھا: تھانہ بھلوال سٹی پولیس کی بڑی کاروائی، اسلحہ سمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی، دوملزمان گرفتار، بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد ۔
سرگودھا میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر رضوان احمد خان کی ہدایت پرایس ڈی پی او بھلوال سرکل اے ایس پی شہزاد اکبر کی زیرنگرانی ایس ایچ او تھانہ بھلوال سٹی عبدالصمد کی سربراہی میں سب انسپکٹر نذیر احمد طاہر ودیگر ملازمان پر مشتمل ٹیم کے ہمراہ بھیرہ بھلوال چوک میں دوران چیکنگ کارنمبری LEA-8834میں سوار ملزمان عمر گل اور شوکت علی کو گرفتارکرلیا ہے۔ کارکی تلاشی لینے پر خفیہ خانوں سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمدہوا۔ اس سلسلہ میں پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیاجس میں ایس ڈی پی او بھلوال سرکل اے ایس پی شہزاد اکبر نے صحافیوں کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ گرفتارملزمان کا تعلق چارسدہ سے ہے اور ان کے قبضہ سے تین رائفل223بور، دوکلاشنکوف، ایک پسٹل30بور اور34ہزار 72 گولیاں /کارتوس برآمد کرکے انکے خلاف ناجائز اسلحہ سمگلنگ کرنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ اسلحہ سمگلنگ میں استعمال ہونے والی کار کو بھی علیحدہ قبضہ پولیس میں لیکر تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ ملزمان یہ اسلحہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں فروخت کرنے کیلئے لے جارہے تھے۔ اس موقع پر ڈی پی او سرگودھا ڈاکٹر رضوان احمد خان کا کہنا تھاکہ سرگودھا پولیس جرائم پیشہ افراد کے خلاف متحرک ہے امن عامہ میں خلل کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائیگا اور سماج دشمن عناصر کے خلاف بلاتفریق کاروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔(ترجمان سرگودھا پولیس)