لاہور:پاکستان کا پہلا ایکوا بزنس پارک:چونیاں میں 103 پلاٹس بنائے جائیں گے:اطلاعات کے مطابق صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال پیڈمک آفس کوٹ لکھپت پہنچے جہاں پر سی ای او پیڈمک علی معظم سید نے چونیاں ایکوا بزنس پارک کے منصوبے میں پیشرفت پر بریفنگ دی۔

میاں اسلم اقبال نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار چونیاں ایکوا بزنس پارک کے ترقیاتی کاموں کا جلد افتتاح کریں گے ، 321 ایکڑ پر مشتمل یہ پاکستان کا پہلا ایکوا بزنس پارک ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ چونیاں ایکوا بزنس پارک میں 103 پلاٹس بنائے جائیں گے ، بزنس پارک میں کمرشل ایریا، لیبر کالونی، گرڈ اسٹیشن، کولڈ اسٹوریجز، فیڈ مل، ریسرچ سینٹرز، پیکیجز سینٹرز اور فش مارکیٹ بھی بنے گی۔

صوبائی وزیر صنعت وتجارت نے کہا کہ پیڈمک کے زیر اہتمام اس بزنس پارک میں 2 ارب روپے کی لاگت سے ترقیاتی کام رواں سال دسمبر تک مکمل کر لیے جائیں گے۔

میاں اسلم اقبال نے کہا کہ سابق حکومت نے چونیاں میں انڈسٹریل اسٹیٹ بنانے کا منصوبہ زیر زمین پانی کی مقدار زیادہ ہونے کے باعث ترک کر دیا تھا ، منصوبہ میں ترقیاتی کاموں کے نام پر سرکاری خزانے سے کروڑوں روپے ضائع کر دیئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے چونیاں اسٹیٹ کے زمینی حقائق کو مد نظر رکھ کر اسے ایکوا بزنس پارک میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ، چونیاں ایکوا بزنس پارک میں جھینگوں اور کیکڑوں کی بڑے پیمانے پر ایکسپورٹ کر کے قیمتی زر مبادلہ کمایا جا سکتا ہے۔

صوبائی وزیر نے منصوبہ بروقت مکمل کرنے کے لئے پیڈمک کو کام مزید تیز کرنے کی ہدایت دی۔سی ای او پیڈمک علی معظم سید نے کہا کہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے لئے وفاقی حکومت سے درخواست کی جا چکی ہے۔

Shares: