کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک اور نوجوان بڑے بھائی کے سامنے قتل

شہر قائد میں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر بڑے بھائی کے سامنے چھوٹے بھائی کو قتل کر دیا، نوجوان کے اہلخانہ نے ملزمان کوعبرت ناک سزا دینے کا مطالبہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈاکووں نے ایک اور نوجوان کو واردات کے دوران قتل کردیا، کورنگی انڈسٹریل ایریا میں ملزمان نے مزاحمت پر نوجوان بلال کو بڑے بھائی کے سامنے گولی مار دی۔

مقتول کے بھائی نے جناح اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بلال فیکٹری سے ڈیوٹی ختم کرکے گھرجارہا تھا کہ راستے میں واردات ہوئی ، ڈکیتی کے دوران بلال نے مزاحمت کی تو ڈاکوؤں نے فائرکھول دیا۔

بھائی کا کہنا تھا کہ ڈاکوموٹرسائیکل پر سوار تھے، انھوں نے پہلے زمین پرفائرکیا اور دوسری گولی میرےبھائی پرچلائی ، جو اس کی گردن پر لگی اور جان لیوا ثابت ہوئی۔

واقعےکے عینی شاہد کاشف نے اے آروائی نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ میں اورمیرا بھائی محنت مزدوری کرکےگھر والوں کی کفالت کرتے ہیں، ہم ملازمت سے واپس گھر آرہے تھے یہ واقعہ پیش آیا، ہمیں انصاف فراہم کیا جائے، پولیس ہم سے رابطے میں ہے، نماز جنازہ ہے جس کے بعد مقدمہ درج کروائیں گے۔

بلال کے دوست نے بتایا مقتول بلال اورہم سب گارمنٹس فیکٹری میں ملازمت کرتےہیں ، کورنگی انڈسٹری ایریا جرائم کاگڑھ بن چکا ہے،، آئے روز وارداتیں ہورہی ہیں ، کوئی پوچھنے والا نہیں۔

کراچی میں قاتل لٹیروں کے ہاتھوں مارے جانے والے بلال کی والدہ غم سے نڈھال ہے ، والدہ کا کہنا ہے کہ میرا ہیرو بیٹا تھا جو چھین لیاگیا، مطالبہ کرتی ہوں کہ قاتلوں کو گرفتار کرکے عبرت ناک سزا دی جائے۔

Comments are closed.