لاہور :کورونا کے بعد پی ایس ایل میچزکے بخار نے تعلیمی نظام تہس نہس کردیا:کلاسز آن لائن لینے کا فیصلہ ،اطلاعات کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میچز کی وجہ سے پنجاب یونیورسٹی میں دوپہر ایک بجے کے بعد کلاسز آن لائن لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میچز کے دوران ایوننگ کلاسز آن لائن ہوں گی، ایک بجے سے پہلے کلاسز کیمپس میں ہوں گی، طلبہ کو آمد و رفت میں مشکل کے پیش نظر کلاسز آن لائن لی جائیں گی۔
خیال رہے کہ پی ایس ایل 7 کا دوسرا مرحلہ آج سے لاہور میں شروع ہوگیا ہے جس کی وجہ سے اہم شاہراؤں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔
ادھر پی ایس ایل 7 کا 27 جنوری سے شروع ہونیوالا پہلا مرحلہ 7 فروری تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں مکمل ہوا،اس دوران مجموعی طور پر کھیلے گئے 15 سنسنی خیز میچز میں دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز کی بالادستی قائم رہی، محمد رضوان کی قیادت میں ٹیم نے اپنے تمام پانچوں میچز میں کامیابی حاصل کی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ 6پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر دوسری پوزیشن پر براجمان ہے، لاہور قلندرز کے پوائنٹس بھی 6ہیں مگر رن ریٹ کی بنیاد پر تیسرے نمبر پر موجود ہے،اب تک2،2 میچز جیتنے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کا پوائنٹس ٹیبل پر بالترتیب چوتھا اور پانچواں نمبر ہے۔
تمام پانچوں میچز میں شکست کے باعث بابراعظم کی زیرقیادت کراچی کنگز کیلیے ٹورنامنٹ کے باقی ماندہ میچز جیتنا ناگزیر ہوگیا ہے۔ لاہور میں میچز کا چند لمحوں بعد آغاز ہوگا۔
قذافی اسٹیڈیم میں ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں مقابل ہوں گی،محمد رضوان الیون ناقابل شکست ٹیم کا اعزاز برقرار رکھنے کا عزم لیے میدان میں اترے گی،وہاب ریاض الیون کی نگاہیں پوائنٹس ٹیبل پر پوزیشن بہتر بنانے پر مرکوز ہوں گی۔