بھاری فوج کا ظلم ،جبر اور کرفیو…کشمیری آج بھی سنت ابراہیمی کی ادائیگی سے رہے محروم
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے ظلم اورجبر کی وجہ سے آج بھی مقبوضہ کشمیر کے شہری مسلسل کرفیو کے باعث اور اجازت نہ ملنے کے سبب عید کے دوسرے روز بھی قربانی سے محروم رہے۔
مقبوضہ کشمیر میں مسلسل نویں روز بھی کرفیو نافذ ہے، مواصلاتی نظام کا بلیک آؤٹ جاری ہے، انٹر نیٹ اور موبائل سروس بند ہے۔بھارتی قابض حکومت کے اس ظالمانہ اقدام سے کشمیری شدید مشکلات کا شکار ہیں، انہیں نہ گزشتہ روز نمازِ عید کی اجازت ملی اور نہ وہ قربانی کر سکے۔اسی صورتِ حال کا مقبوضہ کشمیر کے شہریوں کو آج بھی سامنا رہا اور وہ آج عید الاضحیٰ کے دوسرے روز بھی قربانی کا فریضہ انجام نہ دے سکے۔
مقبوضہ وادی کے گھروں میں کھانے پینے کی اشیاء کی قلت پیدا ہو گئی ہے، دوائیں ناپید ہوگئی ہیں، جبکہ بیماروں کا اسپتالوں تک پہنچنا ناممکن ہو گیا ہے۔
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و جبر میں انتہائی اضافے کے باعث اس سال کشمیری مسلمانوں کی اکثریت عیدالاضحیٰ پر ناصرف نمازِ عید سے محروم رہی بلکہ قربانی کے مذہبی فریضے کی ادائیگی بھی نہ کر سکی۔
یاد رہے کہ بھارت کی جانب سے آرٹیکل 370 اور آرٹیکل 35 اے منسوخ کیے جانے کے بعد سے مقبوضہ کشمیر میں حالات مسلسل خراب ہیں، عوامی احتجاج کو روکنے کے لیے بھارت نے بد ترین کرفیو نافذ کررکھا ہے۔
جنت نظیر مقبوضہ وادی کشمیر پر قابض ظالم بھارتی افواج نے کشمیری عوام پر مذہبی اجتماع منعقد کرنے کی پابندی عائد انہیں نمازِ عید کی ادائیگی سے بھی روک دیا ہے، جو کہ بنیادی انسانی حقوق میں شامل ہے۔
پاکستانی دفترِ خارجہ نے اس حوالے سے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا تھا کہ پاکستان کشمیری مسلمانوں کے لاک ڈاؤن کی سخت مذمت کرتا ہے، بھارت فوج نے مسلمانوں کو مذہبی تہوار منانے سے روکا ہے۔