اوسلو: ناروے کے شہر اوسلو کی ایک مسجد میں سفید فام دہشت گرد کو فائرنگ کرنے سے قبل دبوچ کر درجنوں نمازیوں کی جان بچانے والے 65 سالہ بزرگ محمد رفیق پاکستان ایئر فورس کے ریٹائرڈ اہلکار ہیں۔اطلاعا ت کے مطابق عید الاضحیٰ سے ایک روز قبل اوسلو کی ایک مسجد میں شدت پسند مسلح سفید فام حملہ آور نے گھس کر فائرنگ کرنے کی کوشش کی تھی جسے مسجد میں موجود ایک پاکستانی بزرگ نمازی نے پکڑ لیا اور پولیس کے آنے تک قابو میں رکھا۔ مسجد میں عید کے اجتماع کی تیاریاں کی جا رہی تھیں۔

ناروے کے سیکورٹی حکام نے انکشاف کیا ہے کہ سفید فام مسلح نوجوان کے خونی عزائم کو ناکام بنانے والے پاکستانی بزرگ محمد رفیق پاک فضائیہ کے ریٹائرڈ ملازم ہیں۔ محمد رفیق نے بہادری اور جواں مردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناروے کو ایک بڑے سانحہ سے بچا لیا جس پر ان کے شکر گزار ہیں۔


تفتیشی حکام نے حملہ آور 20 سالہ نوجوان کے گھر کی تلاشی لی تو وہاں سے اس کی سوتیلی بہن کی لاش بھی ملی ہے جس پر پولیس نے ملزم کیخلاف بہن کے قتل اور مسجد پر حملے کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے تاہم ملزم نے پولیس کے ساتھ تعاون کرنے سے انکار کردیا ہے۔ ملزم سفید فام کی حاکمیت اور فوقیت پر یقین رکھتا ہے اور طاقت کے بل پر غیر سفید فاموں پر غلبے کی خواہش کا پرچاری ہے، ملزم ناروے کا ہی شہری ہے اور نازی ازم سے بھی متاثر ہے۔

Shares: