اسلام آباد۔ 13 اگست (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ چین کا بھارت کے مقبوضہ کشمیر کے بارے میں مؤقف کو رد کرنا ہمارے حق سچ کے اصولی مؤقف کی فتح ہے، وزیراعظم عمران خان نے اقوام عالم میں مسئلہ کشمیر کو جس طرح اجاگر کیا ہے اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی، کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے جہاد ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے، کشمیریوں کو ہمارے قومی بیانیہ کی ضرورت ہے، بلاول بھٹو مسئلہ کشمیر پر ٹامک ٹوئیاں مارنے سے پرہیز کریں، پیپلزپارٹی سندھ میں آئین و قانون کی بالادستی یقینی بنائے، قوم نہیں چاہتی کہ ہم بدعنوان عناصر سے کسی قسم کا سمجھوتہ کریں، معاشی محاذ پر ڈکیتیاں، چوریاں ہوئیں، این آر او ناممکن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ میں عید ملن پارٹی کے موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو اور پی ٹی وی پر نشر ہونے والے اپنے پیغام میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے ساتھ کھڑے ہونا حکومت کا عزم ہے، کشمیر کا محاذ ہمارے دل کے قریب ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کیلئے اصولی مؤقف پر قائم رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت طاقت سے کشمیریوں کا جذبہ حریت نہیں دبا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ہمارا مشترکہ قومی معاملہ ہے، بلاول اسے سیاست کی بھیٹ نہ چڑھائیں‘ کشمیر کے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کیلئے پاکستان کے 22 کروڑ عوام کشمیر کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں اور ہر فورم پر کشمیریوں کا مقدمہ لڑیں گے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ان کشمیریوں کے سب سے بڑے وکیل بن کر کھڑے ہیں اور جس طرح مسئلہ کشمیر وزیراعظم عمران خان نے اقوام عالم میں اجاگر کیا ہے اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین کا ہندوستان کے مؤقف کو رد کرنا ہمارے حق سچ کے اصولی مؤقف کی فتح ہے اور چین تنازعہ کشمیر پر اپنے اصولی مؤقف کا اعارہ کرکے اصول اور سچائی کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کشمیر پر قومی یکجہتی کو ابو اور پھپھو بچاؤ مہم کا حصہ نہ بنائیں‘ بلاول 14 اگست کے دن اپنے والد اور پھپھو کی کرپشن سے لاتعلقی کا اعلان کرکے قائداعظم محمد علی جناح کے سپاہی اور پاکستان کے ہیرو بن جائیں اور کرپشن میں غرق سندھ سے نجات دلا کر پاکستان کے معاشی حب کراچی کو ایک مرتبہ پھراپنا کھویا ہوا مقام دلائیں۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو جان لیں کہ سندھ میں ان کی کرپشن کی داستانیں زبان زدعام ہیں، پی پی پی کی صوبائی حکومت سندھ کی فکرکرے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ فریال تالپور کے اکاؤنٹ کا سورس کیا ہے، کون فائدہ اٹھاتا رہا۔ انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں قانون سب کیلئے یکساں ہے، ہم کسی صورت بھی اپنے مفادات کیلئے قومی مفاد پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کے آج پاکستان کی عدالتیں آزاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کشمیر پر ٹامک ٹوئیاں مارنے سے پرہیز کریں اور وفاق کو ملامت کرنے کی بجائے سندھ کی تباہ حالی کو بہتر بنائیں۔