برلن :شین وارن کےانتقال پر دنیائے کرکٹ سوگوار، ساتھی کھلاڑیوں نے خراج عقیدت پیش کیا ہے: اطلاعات کےمطابق آسٹریلیا کے لیجنڈری لیگ اسپنر شین وارن دل کا دورہ پڑنے کے سبب 52 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔
دنیا کے مایہ ناز لیگ اسپنر شین وارن 52 سال کی عمر میں چل بسے جبکہ ان کے انتقال کی خبر نے ساتھی کرکٹرز اور شائقین کرکٹ کو سوگوار کردیا ہے۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق شین وارن تھائی لینڈ کے علاقے کو ساموی میں اپنے ولا میں مردہ حالت میں پائےگئے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ شین وارن کا انتقال حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے ہوا، میڈیکل ٹیم نے انہیں بچانے کی پوری کوشش کی لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔شین وارن کے انتقال پر دنیائے کرکٹ سوگوار ہے اور شائقین بھی صدمے سے دوچار ہیں۔
جادوئی لیگ اسپنر کی موت کی خبر پر سابق ساتھی کرکٹرز نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور اپنے ردعمل کا بھی اظہار کیا۔ اپنی ٹوئٹ میں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کا کہنا تھاکہ میں اپنے دوست وارن کی ناگہانی موت کے بارے میں سن کر صدمے میں ہوں اور انتہائی غمگین ہوں۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ شین وارن کے انتقال کا یقین کرنا مشکل ہے، یہ کرکٹ کیلئے بہت بڑا نقصان ہے، انہوں نے اپنی جادوئی اسپن سے نسلوں کو متاثر کیا۔
سابق انگلش کرکٹر آئن بیل نے لکھا کہ ’الفاظ نہیں ہیں، شین وارن میرا ہیرو اور سب سے بڑا کھلاڑی رہا جس کے خلاف میں نے کبھی کھیلا ہے، مجھے اس خبر پر یقین نہیں آ رہا‘
بھارتی کرکٹر اورکمنٹیٹر ہرشا بوگلے نے اسے انتہائی تکلیف دہ خبر قرار دیا اور لکھا کہ’ غم اور الفاظ نہیں ہیں، میں خوش قسمت تھا کہ میں اسے اچھی طرح جانتا ہوں، جادو ہمیشہ رہے گا’۔
کرکٹ کی تاریخ کے ہیرو شین وارن کے تاریخی کیریئر پر نظر ڈالیں تو بےشمار فتوحات اور کئی اعزازات ان کے نام کے ساتھ جڑے نظر آتے ہیں۔
1992 میں بھارت کے خلاف میچ میں ٹیسٹ ڈیبیو اور 1993 میں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں ون ڈے ڈیبیو کرنے والےشین وارن نے اپنا آخری انٹرنیشنل ون ڈے میچ 2005 میں ورلڈ الیون کی جانب سے ایشیا الیون کے خلاف جبکہ آخری ٹیسٹ میچ 2007 میں انگلینڈ کے خلاف کھیلا۔
15 سال پر محیط اس کیریئر میں انہوں نے 145 ٹیسٹ اور 194 ون ڈے میچز میں بےشمار کامیابیاں سمیٹیں۔وہ ٹیسٹ کرکٹ میں 700 اور مجموعی طور پر ایک ہزار سے زائد وکٹیں لینے والے دنیا کے دوسرے بالر تھے۔
ٹیسٹ کرکٹ میں شین وارن کی وکٹوں کی تعداد 708 جبکہ ون ڈے میں 293 ہے۔انہوں نے ٹیسٹ اور ون ڈے میں بالترتیب 3154 اور 1018 رنز بھی بنائے۔ٹیسٹ کلینڈر ایئر میں سب سے زیادہ وکٹوں کا ریکارڈ بھی وارن کے نام ہے۔
شین وارن نے اپنے کیریئر میں بڑے بڑے بکے بازوں کو اپنی خطرناک لیگ اسپن سے پریشان کیے رکھا۔انہوں نے چند ایسی ناقابل یقین گیندیں بھی کیں جو آج تک دیکھنے والوں کو حیرت میں ڈال دیتی ہیں۔
لیجنڈری لیگ اسپنر شین وارن کی 1993 کی ایشیز سیریز میں مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ گراؤنڈ میں کی گئی گیند کو ’بال آف دی سینچری‘ قرار دیا گیا۔’بائبل آف کرکٹ ‘ کا لقب پانے والے کرکٹ میگزین ’وزڈن ‘نے شین وارن کو صدی کے 5بہترین کھلاڑیوں میں شامل کیا تھا۔
شین وارن کو 2004 اور 2005میں وزڈن کرکٹر آف دی ایئر بھی قرار دیا گیا۔شین وارن پاکستان کے لیجنڈری لیگ اسپنر عبدالقادر کے بہت بڑے فین تھے جس کا اظہار وہ خود بھی کئی مرتبہ کرچکے تھے۔








