برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کے سعودی عرب کے دورے کے موقع پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور جانسن نے یوکرین میں جاری جنگ سمیت تازہ علاقائی اور بین الاقوامی صورت حال پر بات چیت کی-

باغی ٹی وی : عالمی خبررساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے الریاض میں برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے ملاقات کی اور دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات سمیت مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا اوراسٹریٹجک شراکت داری کونسل کے قیام کے لیے مفاہمت کی یادداشت پردستخط کیے ۔

سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سعودی ولی عہد اور جانسن نے یوکرین میں جاری جنگ سمیت تازہ علاقائی اور بین الاقوامی صورت حال پر بات چیت کی اور مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے طریقوں پرگفتگو کی ۔

ملاقات میں سعودی عرب کے وزیرتوانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان،برطانیہ میں سعودی سفیر شہزادہ خالد بن بندربن سلطان سمیت سعودی حکام اور برطانیہ کے الریاض میں سفیر نیل کرمپٹن سمیت برطانوی حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔

اس سے پہلے برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن بدھ کو سرکاری دورے پر الریاض پہنچے تو ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا گیا شاہ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر الریاض ریجن کے ڈپٹی گورنرشہزادہ محمد بن عبدالرحمٰن اور مملکت میں برطانیہ کے سفیر نیل کرمپٹن اور دیگر حکام نے ان کا استقبال کیا۔


قبل ازیں بورس جانسن نے ابوظبی میں یو اے ای کے حقیقی حکمران شیخ محمد بن زاید سے یوکرین جنگ کے تناظر میں توانائی کی عالمی منڈیوں کے استحکام پرتبادلہ خیال کیا تھا۔ان کے دورے کا مقصد یوکرین پر حملے کے ردعمل میں روس کی تیل اور گیس کی برآمدات پرامریکا اور یورپ کی پابندیوں کے نفاذ کےبعد تیل کے عرب برآمد کنندگان کے ساتھ تعلقات کو مستحکم بنانا ہے۔

Shares: